ترنڈہ سوائے خان میں گرلز ڈگری کالج کی منظوری دے دی گئی ہے،میاںامتیازاحمد

پیر 5 جون 2017 23:28

رحیم یارخان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2017ء)رحیم یارخان کے نواحی قصبہ ترنڈہ سوائے خان میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کے قیام کی منظوری‘ 17کروڑ روپے کی لاگت سے کالج کی بلڈنگ ایک سال کی مدت میں تعمیر کر لی جائے گی۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ وایم این اے میاںامتیازاحمدکی درخواست پر وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے حلقہ این اے 196 رحیم یار خان میں منٹھار اور کوٹ سمابہ کے بعد ترنڈہ سوائے خان میں اس تیسرے گرلز ڈگری کالج کی منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

کالج کی تعمیر کیلئے میونسپل کمیٹی ترنڈہ سوائے خان کی حدود میں چک 77پی میں 4ایکڑاراضی تجویز کی جاچکی ہے جہاں اگلے مالی سال کے دوران کالج کی بلڈنگ کی تعمیر کا آغاز ہوجائے گا۔ میونسپل کمیٹی ترنڈہ سوائے خان کے چیئرمین فیصل عباس خان عباسی اور ٹاؤن کمیٹی ترنڈہ سوائے خان کے سابق چیئرمین سردار سرفراز خان عباسی نے ترنڈہ سوائے خان اور گردونواح کے بیسیوں دیہاتوں کی طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے ڈگری کالج کا منصوبہ منظور کروانے پر ایم این اے میاںامتیازاحمدکو خراج تحسین پیش کیا ہے اوراہل علاقہ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔