گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کااپنے پریس سیکرٹری آغا مشہود شورش کی ولدہ کی وفات پر اظہار افسوس

پیر 5 جون 2017 21:45

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کااپنے پریس سیکرٹری آغا مشہود شورش ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے لندن سے اپنے پریس سیکرٹری آغا مشہود شورش کو خصوصی طور پر ٹیلی فون پر ان کی ولدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کی اور گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ نہ صرف ایک کامیاب مصنف کی اہلیہ تھیں بلکہ مضبوط اوصاف کی مالک خاتون تھیں جنہوں نے مصیبت کی ہر گھڑی میں نہ صرف اپنے خاوند کا ساتھ دیا بلکہ اپنے بچوں کی بھی بہترین پرورش کرکے انہیں کامیاب انسان بنایا۔

انہوں نے کہا کہ یہ خلاء زندگی بھر پورا نہیں ہوسکتا تاہم ان کی دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبرو استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا، قائم مقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال نے بھی پریس سیکرٹری آغا مشہود شورش کو ٹیلی فون کیا اور ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کی اور گہرے رنج و غم کا اظہارکیا ۔

انہوں نے دُعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر و جمیل عطا فرمائے۔ بعد ازاں، ممتاز صحافی ، شاعر، ادیب اور دانشور مرحوم شورش کاشمیری کی اہلیہ ، پریس سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب آغا مشہود شورش اور پی ٹی وی کرنٹ افیئرز کے ڈایریکٹر آغا مسعود کی والدہ مرحومہ خورشید بیگم کو میانی صاحب کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ان کی نماز جنازہ سہ پہر تین بجے مسجد شہداء مال روڈ لاہور میں ادا کی گئی جس میںصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمانرفیق، وفاقی سیکرٹری اطلاعات سردار احمد نواز سکھیرا، جماعت اسلام کے رہنما لیاقت بلوچ ، پی ٹی آئی کے رہنما اعجاز چوہدری، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد، پیر ناظم حسین شاہ، قاری سید صداقت علی، سینئرز صحافی مجیب الرحمان شامی، سلمان غنی، خالد قیوم، مقصود بٹ، نجم علی، پریس سیکرٹری وزیر اعلیٰ پنجاب شعیب بن عزیز، پی آر ٹو سی ایم اطہر علی خاں، گورنر ہائوس اور پاکستان ٹیلی وژن کے افسران اور سٹاف کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

مرحومہ کی روح کے ایصالِ ثواب کے لئے قرآن خوانی بروز منگل، مورخہ 06.06.2017کو بعد نماز عصر ان کی رہائش گاہ 24۔دی مال روڈ ، لاہور کی جائے گی۔ تمام احباب سے شرکت کی استداعا ہے۔