بھارت لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے علاقہ کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے‘ آفتاب احمد خان شیرپائو

پیر 5 جون 2017 19:28

بھارت لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے علاقہ کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے‘ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2017ء) قومی وطن پارٹی کے سربراہ سابق وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے علاقہ کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے‘ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کی مثال دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

آفتاب شیرپائو نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا بڑھتا ہوا رجحان اور کشمیر میں ظلم و ستم تشویشناک صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے، ہمیں ان حالات کو دیکھ کر اپنی خارجہ پالیسی کو ازسر نو مرتب کرنا ہوگا، دراصل بھارت فائرنگ اور کشمیریوں پر مظالم سے پاکستان پر دبائو ڈالنا چاہتا ہے، بھارت کی جارحیت میں شدت کلبھوشن کی گرفتاری کے بعد آئی ہے۔

(جاری ہے)

لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور کشمیریوں پر مظالم کو مناسب فورموں پر اٹھانے کی ضرورت ہے۔ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی رو سے حل کرنے پر زور دینے کی ضرورت ہے۔ آفتاب شیرپائو نے کہا کہ بھارتی رویہ کو دنیا کے سامنے اٹھایا جائے۔ یورپ سمیت پوری دنیا کے سامنے اس کیس کو بجا طور پر اٹھانا ہوگا، کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مثال پوری دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی۔