ڈونگا گلی واقعہ پر نتھیاگلی میں گرینڈ جرگہ، ڈی پی او ایبٹ آباد، سردار فدا حسین، سردار ادریس سمیت عبدالرزاق عباسی کی شرکت

کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، تھانہ حملہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہو گی، ڈی پی او ایبٹ آباد

پیر 5 جون 2017 18:58

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2017ء) ڈونگا گلی واقعہ پر نتھیاگلی میں ایک گرینڈ جرگہ کا اہتمام کیا گیا۔ جرگہ میں ڈی پی او اشفاق احمد، تحریک صوبہ ہزارہ کے جنرل سیکرٹری سردار فدا حسین، رکن صوبائی اسمبلی سردار ادریس، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر عبدالرزاق عباسی، سابق چیئرمین سردار جنید خان اور دو یونین کونسلوں کے عمائدین و ناظمین نے شرکت کی۔

جرگہ میں افسوسناک واقعہ میں ملوث افراد نے پولیس کو ایسی حرکت دوبارہ نہ کرنے سمیت آئندہ پولیس سے بھرپور تعاون کی یاددہانی کرائی، کریڑ میں پولیس نے تھانہ پر حملہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی درج کی تھی تاہم جرگہ کے بعد اسے وقتی طور پر سیل کر دیا گیا، مقامی عمائدین نے آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے پولیس کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈونگا گلی میں ایک بنگلہ میں مال مویشی جانے کے بعد جی ڈی اے کے ملازم شوکت سکنہ ملاچھ نے بنگلہ کے چوکیدار سہیل کی طرف سے منع کرنے پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا، چوکیدار تھانہ میں رپورٹ درج کرانے گیا تو شوکت وہاں پر بھی اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ پہنچ گیا اور تھانہ پر پتھرائو شروع کر دیا، بعد ازاں بہت سے لوگوں کو جمع کر کے مری روڈ بند کروا دی۔

پولیس نے سڑک کھلوانے کیلئے لاٹھی چارج، شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔ بعد ازاں ایڈیشنل ایس پی اور سردار ادریس نے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کئے جس کے بعد وہ منتشر ہو گئے۔ اس واقعہ پر نتھیاگلی میں گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں ڈی پی او اشفاق احمد، تحریک صوبہ ہزارہ کے جنرل سیکرٹری سردار فدا حسین، رکن صوبائی اسمبلی سردار ادریس، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر عبدالرزاق عباسی، سابق چیئرمین سردار جنید خان اور دو یونین کونسلوں کے عمائدین و ناظمین نے شرکت کی۔

جرگہ میں مقامی عمائدین نے آئندہ اس طرح کے واقعات سے اجتناب کرنے اور پولیس کے ساتھ امن وامان کی بحالی کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی پی او نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تھانہ پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے سیاحت متاثر ہو رہی ہے، پولیس نے تھانہ پر حملہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی جو جرگہ کے بعد وقتی طور پر سیل کر دی گئی۔