پیمرا کی جانب سے بغیر اجازت غیر ملکی چینلز کی نشریات دکھانے پر نجی ٹی وی کو اظہار وجوہ نوٹسزجاری

پیر 5 جون 2017 18:55

پیمرا کی جانب سے بغیر اجازت غیر ملکی چینلز کی نشریات دکھانے پر نجی ٹی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے اتھارٹی کی اجازت کے بغیر غیر ملکی چینلز کی نشریات دکھانے پر ریکارڈر ٹیلیوژن نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹڈ(آج ٹی وی )کو اظہار وجوہ نوٹسزجاری کئے ہیں اورچینل انتظامیہ سے سات یوم یعنی 12جون 2017ء دوپہر بارہ بجے تک جواب طلب کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

آج ٹی وی پر ہفتے میں پانچ روز یعنی پیر تا جمعہ گیارہ بجے رات بی بی سی کا پروگرام ’سیر بین‘ اور شام ساڑھے سات بجے وائس آف امریکہ کا ’ویو 360‘ نشر ہوتے ہیں ۔ غیر ملکی نشریات دکھانے کا یہ اقدام پیمرا آرڈیننس 2002(ترمیمی ایکٹ 2007)کی سیکشن20(i)کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ مذکورہ قانون کے مطابق کوئی بھی لائسنس ہولڈر اتھارٹی کی اجازت کے بغیر اپنے نشریاتی حقوق کسی دوسرے میڈیا ہائوس (چینل) کو فروخت ، منتقل یا سونپ نہیں کر سکتا ۔ ریگولیٹر نے مذکورہ خلاف ورزی پر میسرز ریکارڈر ٹیلیوژن (آج ٹی وی) کے نمائندے کو 12جون 2017ء دوپہر بارہ بجے تک ذاتی شنوائی کیلئے طلب کر لیا ہے عدم پیروی کی صورت میں یکطرفہ کارروائی کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :