ہسپانوی ساحلی محافظوں نے 173تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچالیا

ایک کشتی کی نشاندہی پر محافظوں نے پیچھا کیا توتین مزید کشتیاں بھی موجود،تارکین وطن کی قومیت ظاہرنہیں کی گئی

پیر 5 جون 2017 12:33

ہسپانوی ساحلی محافظوں نے 173تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچالیا
میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2017ء) ہسپانوی ساحلی محافظوں نے چار کشتیوں میں سوار 173 تارکین وطن کو سمندر میں ڈوبنے سے بچا لیا ۔ یہ افراد سمندری راستوں کے ذریعے شمالی افریقہ سے اسپین کے علاقے جبرالٹر پہنچنے کی کوشش میں تھے۔عالمی میڈیاکے مطابق گزشتہ روز مراکش نے ہسپانوی کوسٹ گارڈز کو اطلاع دی کہ بحیرہ روم کے مغربی راستوں میں ایک کشتی میں سوار تارکین وطن بحیرہ البوران کے ذریعے اسپین کی جانب روانہ ہوتے دیکھے گئے ہیں۔

ہسپانوی ساحلی محافظوں کی ریسکیو ٹیمیں جب اس کشتی کی تلاش میں روانہ ہوئیں تو انہیں سمندری راستوں پر مزید تین کشتیوں کی موجودگی کی اطلاعات بھی ملیں۔ ایک کشتی کی نشاندہی یورپی سرحدوں کے نگران ادارے فرنٹیکس نے کی، جب کہ دوسری کشتی کے بارے میں اطلاع ہسپانوی بحریہ کے ایک جہاز میں سوار اہلکاروں نے دی تھی۔

(جاری ہے)

تارکین وطن کی تیسری کشتی کی نشاندہی بحیرہ البورن میں روانہ ایک فیری کے مسافروں نے کی۔

کوسٹ گارڈز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر ان چاروں کشتیوں میں 173 تارکین وطن سوار تھے اور ان سبھی کو ریسکیو کر لیا گیا۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ تمام تارکین وطن شمالی افریقی ممالک سے روانہ ہوئے تھے تاہم ان افراد کی قومیت کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :