پشین، قبائیلی جرگہ کے رہنمائوں کا صوبائی حکومت اور کمشنر سے مطالبہ نائب تحصیلدار کو فوری طور پر تبادلہ کیا جائے

نائب تحصیلدار کے ناروا طرز عمل سے علاقے کے قبائیل کے درمیان تصادم کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ، چیف آف اچکزئی خان

اتوار 4 جون 2017 20:41

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2017ء) پشین قبائیلی جرگہ کے رہنمائوں نے صوبائی حکومت اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن سے مطالبہ کیا ہے کہ نائب تحصیلدار پشین کا یہاں سے فوری طور پر تبادلہ کیا جائیں، بصورت دیگر سخت احتجاج کا راستہ اپنایا جائے گا،نائب تحصیلدار کے ناروا طرز عمل سے علاقے کے قبائیل کے درمیان تصادم کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، یہاں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قبائیلی جرگہ کے رہنمائوں چیف آف اچکزئی خان عبدالصمدخان اچکزئی، ملک وزیر اچکزئی،ملک صدام خان اچکزئی، میونسپل کارپوریشن پشین کونسلر محمد اچکزئی، برات خان اچکزئی اور دیگر قبائیلی رہنمائوں نے کہا کہ نائب تحصیلدار پشین جنیداحمدکے غلط طرز عمل اور نامناسب روئیے کے باعث پشین کے قبائیل آپس میں دست وگریبان ہوگئے ہیں، موصوف نے لیویز کو اپنا ذاتی فورس سمجھ کر چوروں اور ڈاکوئوں کی سرپرستی کا سلسلہ شروع کردیا ہے، اٴْنہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں ان کے ایک قریبی عزیز کی گاڑی چوری ہوئی، بعدازاں لیویز نے مذکورہ گاڑی کی چوری میں ملوث چوروں کو گرفتار کیا جنہوں نے متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا لیکن مذکورہ نائب تحصیلدار نے کسی کاروائی کے بغیر مذکورہ چوروں کو چھوڑ کر بعد میں ان کے فرار ہونے کا ڈرامہ رچایا، لیکن دوسری جانب علاقے کے غریب اور بے گناہ عوام کے خلاف معاندانہ رویہ اپنا کر ان کے خلاف جھوٹے اور من گھڑت ایف آئی آر درج کرنے کے ناروا عملیات میں مصروف عمل ہیں۔

(جاری ہے)

اٴْنہوں نے کہا کہ کہ اس طرح کی غلط اور ناروا طرز عمل سے نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ آفزائی ہورہی ہیں بلکہ لیویز کے عملے کے مورال پر بھی اًثر پڑنے کا خدشہ ہے۔اٴْنہوں نے کہا کہ ضلع پشین ایک پرامن علاقہ ہے یہاں ہر قبیلہ اپنی اپنی سرزمین اور علاقے میں آباد ہیں، لیکن موصوف کے معاندانہ رویے اور سماج دشمن عناصر کی سرپرستی سے علاقے کے قبائیل کے دست وگریبان ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

پریس کانفرنس میں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن سے مطالبہ کیا کہ نائب تحصیلدار پشین جنید احمد کا فوری طور پر پشین سے تبادلہ کیا جائے بصورت دیگر سخت احتجاج کا راستہ اپناکر راست اقدام اٴْٹھایا جائے گا۔جس میں کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ کی بندش بھی شامل ہے ۔

متعلقہ عنوان :