بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ محض دعوئوں پر ممکن نہیں ،اس کیلئے ٹھوس حکمت عملی کی ضرورت ہے ،حالیہ وفاقی بجٹ میںمرکزی حکومت نے ایک بار پھر پختونوں کیساتھ امتیازی سلوک کیا ،خیبر پختونخوامیں بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی کے پیداواری منصوبوں کیلئے بجٹ میں پورا حصہ نہیں دیا،جس کیوجہ عوام میں مایوسی و محرومی میں اضافہ ہوگا

صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائو کی وفد سے گفتگو

اتوار 4 جون 2017 19:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جون2017ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین و سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ محض دعوئوں پر ممکن نہیں بلکہ اس کیلئے ٹھوس حکمت عملی اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جس سے مرکزی حکومت عاری نظر آرہی ہے، حالیہ وفاقی بجٹ میںمرکزی حکومت نے ایک بار پھر پختونوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا اور خیبر پختونخوامیں بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی کے پیداواری منصوبوں کیلئے بجٹ میں پورا حصہ نہیں دیاجس کی وجہ سے یہاں پر پائی جانے مایوسی و محرومی میں اضافہ ہوگا۔

وہ اتوار کو وطن کور پشاور میں پارٹی کے مختلف وفود کے ساتھ گفتگو ک رہے تھے۔ سکندرشیرپائونے کہا کہ وفاقی بجٹ میں خیبر پختونخوا کو مکمل طور پر نظر انداز کیاگیا ،بجلی اور دیگر اہم منصوبوں میں صوبہ کواپنا حصہ نہ دینایہاں کے پختونوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کے مترادف ہے جس کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ پختونوں کا خطہ اس وقت جس صورتحال سے دوچار ہے اسی تناظر میں اس کو نظر انداز کرنے کی بجائے یہاں پر غربت بدحالی اوربے روزگاری کے خاتمے سمیت بجلی کے پیداواری منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہیے تھے لیکن وفاقی حکومت نے یہاں پر قائم مایوسی کی فضاء کے خاتمے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

انھوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں بجلی کے لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں مخلص ہوتی تووفاقی بجٹ میں منڈا ڈیم سمیت دیگر اہم بجلی منصوبوں کیلئے رقم مختص کرتی لیکن انھوں نے خیبر پختونخوا حکومت سے اختلاف کی سزا یہاں کے عوام کو دیتے ہوئے اپنا تعصبانہ اور امتیازی رویہ جاری رکھتے ہوئے صوبہ کے عوام کی خوشحالی اور یہاں پر بجلی کے ناروا لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا انھوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت نے اپنا یہ وطیرہ نہ بدلا اورپختونوں سے ناانصافیوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تونہ صرف یہاں پر پائی جانے والی محرومیوں میں مزیداضافہ ہو گا بلکہ وفاق پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

سکندر شیرپائو نے مزید کہا کہ قومی وطن پارٹی صوبہ اور پختونوں کی حق تلفی کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اور ان کے حق اور ترقی و خوشحالی کیلئے ہر فورم اور ہر محاذ پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔