حکومت پانچ سال پورے کرے گی،ترقی وخوشحالی کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا‘مخالفین کی سازشوں کے باوجود پاکستان معاشی لحاظ سے مستحکم ہوا‘ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پالیا،تابناک مستقبل پاکستان کا منتظر ہے

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کا بیان

اتوار 4 جون 2017 18:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جون2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنے پانچ سال مکمل کریگی اور ملک میں جاری تاریخی ترقی وخوشحالی کے سفر کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے محمد نواز شریف کی سربراہی میں ترقی کی وہ مضبوط بنیاد رکھی ہے کہ جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء میں پاکستان کو بحرانی کیفیت کا سامنا تھا اور دہشتگردی اور توانائی بحران نے ملک کومفلوج کردیا تھا جس کو حکومت نے اپنی بہترین حکمت عملی ،عوام کے تعاون اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث احسن طریقے سے قابو پالیا ہے اورآج چارسال کے قلیل عرصے میں ملک نہ صرف بحرانی کیفیت سے باہر نکل چکا ہے بلکہ ایک روشن وتابناک مستقبل کیلئے ٹیک آف بھی کرچکا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور موجودہ حکومت کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ مخالفین کی سازشوں کے باوجود ملک معاشی وسیاسی لحاظ سے مستحکم ہوا ہے اور آج پاکستان میں ہونیوالی معاشی ترقی کو بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سسر ویز کے مطابق پاکستان دہشتگردی جیسے خطرات کے باوجود ترقی کررہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی تاریخ ساز پالیسز کی بدولت ملک میں لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم ہونیوالی ہے،انہوں نے کہا کہ اس سال دسمبر تک 10ہزارمیگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہونے سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائیگا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت شروع ہونیوالے ساہیوال کول پاور پلانٹ کے دونوں یونٹس نے پیداوار شروع کردی ہے جس سے 1320میگاواٹ بجلی پیدا ہونے سے لوڈشیڈنگ میں خاطر خواہ کمی آئیگی۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ سیاسی مخالفین نے ملک کو سیاسی ومعاشی لحاظ سے غیرمستحکم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور 2013ء کے انتخابات کے بعد سے ہی حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہوگئے اور دھرنوں اور اسلام آباد لاک ڈائون کرنے جیسی مذموم کاروائیوں میں مصروف عمل رہے جس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،انہوں نے کہا کہ آج بھی مخالفین نے پانامہ کیس کی صورت میں مسلم لیگ ن کی قیادت کیخلاف جھوٹے پروپیگنڈے میں مصروف عمل ہے جس میں انہیں عنقریب ناکامی ہوگی اور محمد نواز شریف 2018ء کے انتخابات کے بعد بھی ملک کی ترقی وخوشحالی کے سفر میں پاکستان کی قیادت جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :