حکومت پنجاب رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے لئے غیر معمولی اقدامات کر رہی ہے،ڈپٹی کمشنر

اتوار 4 جون 2017 16:40

سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2017ء) ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہاہے کہ حکومت پنجاب رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے لئے غیر معمولی اقدامات کر رہی ہے ۔ سبزیوں اور پھلوں کے آڑھتیوں کایہ اخلاقی او رمذہبی فریضہ ہے کہ وہ خاص طو رپر اس مہینے کے دوران اپنے منافع کی شرح کو رضاکارانہ طو رپر کم کر کے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں، وہ سبزی وفروٹ منڈی کا دورہ کررہے تھے ، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد سعید لغاری ‘ تحصیلدار ملک محمد اشرف‘ چیئرمین مارکیٹ کمیٹی زاہد اقبال کمبوہ ‘ سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی محمد عرفان چیمہ ‘ ای اے ڈی او جمیل احمد کے علاوہ صدر انجمن آڑھتیاں چوہدری محمد ادریس اور چوہدری محمد ندیم کے علاوہ دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ، ڈپٹی کمشنر نے انتباہ کیاکہ سبزی وفروٹ منڈی میں کوئی بھی آئیٹم ضابطے کی نیلامی کے بغیر فروخت نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

اس ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پرچے درج ہوںگے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریٹ لسٹ کے بغیر سبزی اورپھل ہر گز فروخت نہ کئے جائیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ تاجروں کو عوام کی لوٹ کھسوٹ کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ قیمتوں کے کنٹرول کیلئے چیک اینڈ بیلنس رکھناانتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے تاجروں کو رمضان بازاروں میں تازہ او رمعیاری پھلوں او رسبزیوں کی سپلائی کیلئے انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام ان کے اس تعاون سے بھر پور استفادہ کریں ۔

اس موقع پر آڑھتیوں نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ ملک بھر میں عوام الناس کی طرف سے پھلوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے خلاف بائیکاٹ او راحتجاج کے نتیجے میں پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اگر یہ سلسلہ مزید چند دن تک جاری رہے گا تو قیمتیں مزید نیچے آجائیںگی ۔ ڈپٹی کمشنر نے سبزی منڈی میں سیکیورٹی اور صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔