باڑہ، فاٹا میں برتھ سرٹیفیکٹ حاصل کرنیوالے بچوں پر ایف سی آر لاگو نہیں ہوگا اور نہ انہیں علاقائی ذمہ داری کے تحت گرفتار کیا جائے گا

برتھ رجسٹریشن کوارڈینیٹر فیصل سید برتھ سرٹیفکیٹ کی افادیت کے حوالے سے منعقدء تقریب سے خطاب

ہفتہ 3 جون 2017 20:56

باڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2017ء) خیبر ایجنسی باڑہ کے برتھ رجسٹریشن کوارڈینیٹر فیصل سید نے کہا ہے کہ فاٹا میں برتھ سرٹیفیکٹ حاصل کرنے والے بچوں پر ایف سی آر لاگو نہیں ہوگا اور نہ انہیں علاقائی ذمہ داری کے تحت گرفتا کیا جائے گا،برتھ سرٹیفیکیٹ بچوں کی مستقبل کی ضمانت اور تحفظ ہے اسے بر وقت حاصل کرنے میں علاقائی عمائدین اور سیاسی وسماجی تنظیموں کی تعاون کی ضرورت ہے ۔

وہ ہفتہ کو لیوی سنٹر شاہ کس میں پولیٹیکل انتظامیہ باڑہ کی جانب سے برتھ سرٹیفکیٹ کی افادیت کے حوالے سے منعقدکردہ تقریب سے خطا ب کر رہے تھے۔ اس موقع پر تقریب میں تحصیلدار باڑہ غنچہ گل سمیت قمبر خیل، کمر خیل ،کالا خیل آدم خیل اور قبیلہ ملک دین خیل کے عمائدین بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

جرگہ سے پولیٹیکل تحصیلدار غنچہ گل ،ملک محمد آمین آور دیگر عمائدین نے برتھ سرٹیفیکیٹ کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے علاقائی بچوں کے لئے لازمی قرار دیا ۔

،مقررین کا کہنا تھا کہ فاٹا میں صرف ایک فیصد بچے رجسٹرڈ ہے جبکہ لاکھوں بچے اسوقت برتھ سرٹیفیکیٹ سے محروم ہے جس کی وجہ سے قبائلی بچے بندوبستی بچوں کے مقابلے میں ہرقسم کی سہولیات سے بھی محروم رہ جاتے ہیں ۔ باڑہ کے برتھ رجسٹریشن کوارڈینیٹر فیصل سید نے برتھ سرٹیفیکیٹ کے فوائد بیان کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں برتھ سرٹیفیکیٹ کی حصول سے سکول داخلے ،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام،وزیر اعظم صحت کارڈ اور دیگر منافع بخش پروگراموںسے علاقائی بچے مستفید ہوں گے اس لئے فوری اپنے بچوں کو برتھ سرٹیفیکٹ حاصل کریں ۔

انہوںنے کہا کہ اس پراجیکٹ کے تحت خیبر ایجنسی میں اب تک 52ہزار کے قریب درخواستیں لوکل گورنمنٹ کو موصول ہوئی ہے جس پر کام جاری ہے اور اس پراجیکٹ کو باڑہ میں بہت پذیرائی ملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت برتھ سرٹیفیکٹ کی حصول کا طریقہ انتہائی آسان ہے جبکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کا حصول پھر آسان نہیں ہوگا۔انہوںنے قبائلی ملکان ،سرشتہ ممبران اور علاقائی سیاسی و سماجی تنظیموں سے اپیل کی باڑہ کے غریب بچوں کو برتھ سرٹیفیکٹس کی حصول میں ان کی مدد کریں اور لوکل گورنمنٹ کی جانب سے جاری کردہ برتھ سرٹیفیکٹ کی درخواست فارم کو غریب خاندانوں تک پہنچانے میں ان کے ساتھ تعاون کریں ۔

تقریب کے آخر میں علاقائی مشران میں ہزاروں برتھ فارم بھی تقسیم کئے گئے جو علاقائی بچوں میں تقسیم کرنے کے بعد واپس جمع کریں گے۔

متعلقہ عنوان :