وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت پاکستان ریلویز میں اپ گریڈیشن کے مختلف پراجیکٹس کے حوالے سے علیحدہ علیحدہ اجلاس

ننکانہ صاحب، حسن ابدال، بہاولپور، رائے ونڈ، اوکاڑہ اور ساہیوال کے ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیرنو کے جائزہ اجلاس میں روہڑی کے ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کا حکم

ہفتہ 3 جون 2017 19:15

وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت پاکستان ریلویز میں اپ گریڈیشن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے پاکستان ریلویز میں اپ گریڈیشن کے مختلف پراجیکٹس کے حوالے سے علیحدہ علیحدہ اجلاسوں کی صدارت کی۔ انہوں نے ننکانہ صاحب، حسن ابدال، بہاولپور، رائے ونڈ، اوکاڑہ اور ساہیوال کے ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیرنو کے جائزہ اجلاس میں روہڑی کے ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ سبی اور ہرنائی کے ریلوے اسٹیشن بھی اپ گریڈ کئے جارہے ہیں اور اب ہمیں کراچی کینٹ کے ریلوے اسٹیشن کو بھی مزید بہتربنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز کی طرف سے کوہاٹ پنڈی سیکشن کی بحالی پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے ایک دوسرے اجلاس میں عوام ایکسپریس کی بھی اپ گریڈیشن کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوماہ کے اندر عوام ایکسپریس کی بوگیوں کو نیا بنادیاجائے اور جیسے ہی پہلا ریک تیار ہوعوام ایکسپریس کا ایک ریک بدل دیا جائے۔

وزیر ریلویز کو بتایا گیا کہ عوام ایکسپریس کی 65بوگیوں کے ساتھ ساتھ 30اے سی سلیپربھی نئے تیار کئے جارہے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وہ اگلے ایک سے دو برسوں کے دوران تمام گاڑیوں کو اپ گریڈڈ دیکھنا چاہتے ہیں۔ریلوے حکام اس امر کو یقینی بنائیںکہ کوچزکے اوورہالنگ کے پرانے روایتی طریقہ کار سے جان چھڑوالی جائے اور کسی بھی گاڑی کے فرش، چھتوں اور نشستوں سمیت کسی بھی جگہ نہ تو گھٹیا میڑیل استعمال ہو اور نہ ہی پیچ ورک کیا جائے ۔

اجلاس میںبتایا گیا کہ اگلے دوبرسوں میں مزید 475کوچز کو اپ گریڈ کرلیا جائے گا اور اس سلسلے میں ریلوے اپنی ورکشاپوں کو صلاحیت اور گنجائش بھی بڑھا ئے گا۔وز یر ریلویز نے کو چز کو 110وولٹ سے 220وولٹ پر منتقل کرنے کے پراجیکٹ کوبھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسرمحمدجاوید انور، ممبرفنانس غلام مصطفی، ایڈیشنل جنرل منیجرانفراسٹرکچرہمایوں رشید، ایڈیشنل جنرل منیجرمکینکل انصرباللہ، چیف مکینکل انجینئرکیرج اینڈ ویگن عدنان شافع، ڈی ایس ورکشاپ مغلپورہ سلمان صادق سمیت دیگر سینئر ریلوے افسران نے شرکت کی۔