پنجاب کا بجٹ بھی عوام دشمن ،کشکول کا سائز بڑا اور خودکشیوں میں اضافہ ہو گا‘ عزیز الرحمن چن

ہفتہ 3 جون 2017 16:48

پنجاب کا بجٹ بھی عوام دشمن ،کشکول کا سائز بڑا اور خودکشیوں میں اضافہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ بلند وبانگ دعوے خوشنما وعدے اور عوام کو سبزباغ دکھا کر اقتدار میں آنے والی مسلم لیگ (ن) کی قیادت اب عوام سے منہ چھپاتی پھر رہی ہے ،کسی وعدے کی تکمیل چار سالوں میں نہیں ہو سکی ،مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کی وجہ سے اس کی مقبولیت میں بتدریج کمی ہو رہی ہے ۔

انہوں نے پنجاب کے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہاکہ حکومت کے وسائل اپنے ہیں نہ پالیسیاں ، بجٹ سے کشکول کا سائز بڑا اور خودکشیوں میں اضافہ ہو گا ،بجٹ میں غریب کو سستی روٹی ،تعلیم ،صحت دینے اور غیر ملکی قرضوں سے نجات کا کوئی ٹھوس پلان شامل نہیں ہے۔ملازمین اور پنشنرز کے ساتھ ہمیشہ کی طرح مذاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملک میں لوڈشیڈنگ اور غربت کے اندھیرے پھیل رہے ہیں۔

ملک کے اہم مسائل دہشتگردی، کرپشن ،نااہلی اور غیر ملکی قرضے ہیں ،بجٹ میں ان مسائل کے حل کیلئے کوئی ویژن اور ٹھوس منصوبہ شامل نہیں۔قرضوں اور سود کی واپسی کیلئے رکھا گیا 1363ارب کا بجٹ تعلیم، صحت ،انفراسٹرکچر کے مجموعی بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے وزیر خزانہ پنجاب کا تعلیم اور صحت کے بجٹ کو زیر غور قرار دینے کو سخت ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے اس بجٹ میں نیا ڈرامہ رچایا ہے اور زیر غور بجٹ رکھنے کی نئی روایت ڈال رہی ہے بجٹ تو حتمی ہوتا ہے اگر بجٹ ابھی زیر غور تھا تو پھر پیش کیوں کیا گیا انہوں نے کہا کہ یوں لگتا ہے کہ پنجاب حکومت ابھی منی بجٹ لائے گی جس میں ٹیکسوں کی بھرمار کی جائے گی۔