سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کا گورنمنٹ نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ کا اچانک دورہ

فارمیسی میں بے ترتیب ادویات رکھنے اور ریکارڈ صحیح طریقہ سے مینٹین نہ کرنے پر برہمی کااظہار

ہفتہ 3 جون 2017 16:48

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کا گورنمنٹ نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2017ء) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے گورنمنٹ نوازشریف ہسپتال یکی گیٹ کا اچانک دورہ کیا - نجم احمد شاہ نے فارمیسی ، ایمرجنسی ، لیبارٹری، سی ایم او آفس ، آئی سی یو، سی ایس ایس ڈی ، گیسز روم ، آرتھوپیڈک سرجری وارڈ اور مین سٹور کا معائنہ کیا - سیکرٹری ہیلتھ نے فارمیسی میں ادویات الماریوں میں بے ترتیب رکھنے او رفارمیسی میں ڈبوں میں پڑی ادویات دیکھ کر سخت برہمی کااظہار کیا - انہو ں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر یاسربٹ سے فارمیسی کا ریکارڈ پیش کرنے اور غیر حاضر فارماسسٹ کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن لے کر ان کے دفتر کو مطلع کرنے کی ہدایت کی -نجم احمد شاہ نے لیبارٹری میں نرسزکے گلوز(دستانی) نہ پہننے کا نوٹس لیتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ خون کے سیمپل لیتے وقت اور مریض چیک کرتے وقت گلوز کا استعمال لازمی بنایاجائے جو خود ڈاکٹر ز اور سٹاف کی حفاظت کیلئے ضروری ہے - انہو ںنے وارڈز میں زیر علاج مریضوں سے طبی سہولیات اور ادویات کی مفت فراہمی بارے دریافت کیا جس پر مریضوں نے اطمینان کااظہار کیا - انہو ںنے سی ایم او کے کمر ے میں زبان چیک کرنے کے لئے ڈسپوزایبل سمیت معمولی نوعیت کی اشیاء نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس کو ہدایت کی کہ سی ایم او آفس میں تمام متعلقہ اشیاء فراہم کی جائیں - سیکرٹری ہیلتھ نے اس بار پر حیرت کااظہار کیا کہ ہسپتال میں سات وینٹیلیٹر ز موجود ہیں لیکن ان کا استعمال نہ ہونے کے برابر ہے اور 2017 میں پانچ ماہ کے دوران صرف ایک مریض کو وینٹی لیٹر کی ضرورت پڑ ی - سیکرٹری صحت نے ان کی موجودگی میں صفائی کرنے والے اہلکاروں کو ایسا کرنے سے منع کردیا او رکہاکہ صفائی پہلے سے کرنا تھی میرے سامنے نہ کریں - انہو ںنے ایم ایس کو ہسپتال میں صفائی کی صورتحال کو بھی بہتر بنانے کی ہدایت کی - نجم احمد شاہ نے سنٹرلائزڈ سٹرلائنزیشن ڈیپارٹمنٹ کا بھی معائنہ کیا -

متعلقہ عنوان :