کرپشن کا ماہر کرپٹ مافیا احتساب کی طرف پیشقدمی روکنے کیلئے حالات کو خراب کر رہا ہے ‘ لیاقت بلوچ

پنجاب حکومت کے پانچویں بجٹ میں بھی غریب عوام کے لیے کچھ نہیں ہے ‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

ہفتہ 3 جون 2017 16:48

کرپشن کا ماہر کرپٹ مافیا احتساب کی طرف پیشقدمی روکنے کیلئے حالات کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2017ء) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پنجاب کا بجٹ روایتی ، انتخابی ، قرضوں اور سود کی لعنت میں لت پت ہے ، عوام کو بنیادی اشیائے ضرورت میں کوئی ریلیف نہیں ملا ، پنجاب حکومت کے پانچویں بجٹ میں بھی غریب عوام کے لیے کچھ نہیں ہے ، بجٹ میں مہنگائی کے سدباب ، ملاوٹ وغیر معیاری اشیا کی پیداوار کے سدباب کاکوئی میکنزم نہیں دیا گیا ۔

غازی آباد میں عوامی افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرضوں اور واجب الادا قرضوں میں اضافہ ہوگیاہے ۔ تعلیم اور صحت کی سہولتوں کے لیے مطلوبہ بجٹ نہیں دیا گیا ۔ ینگ ڈاکٹرز ، اساتذہ ، کلرکس ، پیرا میڈیکل سٹاف کے مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔

(جاری ہے)

بجٹ میں فیصل آباد پاور لومز کی تباہی کا کوئی علاج نہیں کیا گیا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ کرپشن کا ماہر کرپٹ مافیا حالات کو غیر سنجیدہ اور گندا کر رہاہے تاکہ احتساب کی طرف پیش قدمی رک جائے ۔

عوام بیدا ر ہیں ، کرپشن کے خلاف جنگ عوام ہی جیتیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ فوج ، عدلیہ ، سیاسی قیادت کا احترام برقرار رہنا چاہیے ۔ سوشل میڈیا کے فعالین فساد کا حصہ نہ بنیں ۔ قائدین ، ممبران پارلیمنٹ شائستگی اور عزت نفس کا خیال رکھیں ۔ ریاستی ادارے اور عدلیہ کے فاضل جج حالات کی حساسیت کا ادرا ک کریں اور ریمارکس کے دور رس منفی اور مثبت اثرات کو پیش نظر رکھیں ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ ماہ رمضان انفرادی اور اجتماعی معاشرتی اصلاح کا مہینہ ہے ۔ ناجائز منافع خور عوام اور سماج دشمن ہیں ۔ ذاتی منافع اور فائدہ کے لیے عوام کا استحصال کر نے والے بڑے ظلم کا ارتکاب اور اللہ اور اللہ کی مخلوق کو تنگ کر کے عوامی غیظ و غضب کو چیلنج کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر کے صارفین منظم ہو جائیں تو ملاوٹ اور ناجائز منافع خوری سے نجات مل جائے گی ۔