پاکستان پر الزامات بے بنیاد،حقانی نیٹ ورک افغانستان منتقل ہوچکا ہے، اعزاز چوہدری

افغان خفیہ اہلکار اتنی جلدی دھماکے کے ذمہ داروں کا پتہ لگاسکتے ہیں توانہیں یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ وہ کب حملہ کرنے آنے والے ہیں،انٹرویو

ہفتہ 3 جون 2017 16:10

پاکستان پر الزامات بے بنیاد،حقانی نیٹ ورک افغانستان منتقل ہوچکا ہے، ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2017ء) امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہاہے کہ دہشت گرد گروپ حقانی نیٹ ورک افغانستان منتقل ہوچکا ہے لہذا افغان حکام پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرانے کے بجائے اپنی سرزمین پر ان سے نمٹنے کی صورتوں پر غور کریں۔ افغان خفیہ اہلکار اتنی جلدی یہ پتہ لگانے میں کیسے کامیاب ہوگئے کہ دھماکے کا ذمہ دار کون ہے،اگر آپ چند سیکنڈز میں یہ پتہ لگا سکتے ہیں تو آپ کو یہ بھی پتہ ہونا چاہیئے کہ وہ کب حملہ کرنے آنے والے ہیں۔

افغانستان میں ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا مددگار نہیں ہوگا، دونوں ملکوں میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانا ضروری ہے کیونکہ یہ کہنا بہت آسان ہے کہ یہ سارے مسائل پاکستان کی وجہ سے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق پاکستانی سفیر نے یہ بات کابل کی جانب سے افغان دارالحکومت میں ہونے والے دھماکے کا ذمہ دار پاکستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کو ٹھہرانے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہی۔

ایک انٹرویو کے دوران امریکا میں پاکستانی سفیر نے ان تمام الزامات کو بیبنیاد قرار دے دیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان شمالی وزیرستان سمیت دیگر قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے بڑے پیمانے پر انسداد دہشت گردی آپریشن سرانجام دے چکا ہے۔اعزاز چوہدری نے کہا کہ حقانی نیٹ ورک افغانستان منتقل ہوچکا ہے اور اس کے خلاف وہیں کارروائیاں کی جانی چاہئیں،ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا مددگار نہیں ہوگا، دونوں ملکوں میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانا ضروری ہے کیونکہ یہ کہنا بہت آسان ہے کہ یہ سارے مسائل پاکستان کی وجہ سے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف خفیہ اہلکاروں نے دھماکے کو حقانی نیٹ ورک سے جوڑا، افغان حکومت کی جانب سے اس کی تائید کیا جانا باقی ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ افغان خفیہ اہلکار اتنی جلدی یہ پتہ لگانے میں کیسے کامیاب ہوگئے کہ دھماکے کا ذمہ دار کون ہے،اگر آپ چند سیکنڈز میں یہ پتہ لگا سکتے ہیں تو آپ کو یہ بھی پتہ ہونا چاہیئے کہ وہ کب حملہ کرنے آنے والے ہیں۔