نہال ہاشمی کا بیان ان کی ذاتی رائے کا عکاس ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) یا حکومت سے اس بیان کا کوئی تعلق نہیں

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

ہفتہ 3 جون 2017 10:19

نہال ہاشمی کا بیان ان کی ذاتی رائے کا عکاس ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) یا ..
اسلام آباد ۔ 2 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2017ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ نہال ہاشمی کا بیان ان کی ذاتی رائے کا عکاس ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) یا حکومت سے اس بیان کا کوئی تعلق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی کے بیان پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے فوری ایکشن لیتے ہوئے نہ صرف نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت معطل کی بلکہ ان سے سینیٹر شپ کا بھی استعفیٰ لے لیا گیا لیکن معزز جج کی جانب سے حکومت اور ہماری قیادت کے لیے دیئے جانے والے ریمارکس قابل افسوس ہیں ۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت اور ہم آئین و قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور ہم نے سپریم کورٹ کے ساتھ بھی بھرپور تعاون کیا اور اب جے آئی ٹی کے ساتھ بھی مکمل تعاون کر رہے ہیں کیونکہ وزیراعظم محمد نواز شریف اس پاناما کیس کا منطقی انجام چاہتے ہیں اور اپنے اوپر لگنے والے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کو عدالت عظمیٰ سے مسترد ہوتا ہو ادیکھنا چاہتے ہیں۔