سابق اسپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو نے سیاست سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا

سیاست سے استعفیٰ دیا ہے مگر آج بھی مسلم لیگی ہوں ، تمام تر خدمات مسلم لیگ کیلئے حاضر ہیں،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 2 جون 2017 22:18

جیکب آ باد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جون2017ء) سابق اسپیکر قومی اسمبلی و بزرگ سیاستدان الٰہی بخش سومرو نے سیاست سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا،سابق اسپیکر قومی اسمبلی مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما و بزرگ سیاستدان الٰہی بخش سومرو نے سیاست سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میری عمر اس وقت 93سال ہے اس لیے سیاست سے مستعفی ہونے کا اعلان کررہا ہوں ،وہ جمعہ کو جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے سیاست کی شروعات مسلم لیگ سے کی اور سیاست سے ریٹائر ہونے کے وقت بھی مسلم لیگ میں ہوں، انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ پارٹیاں تبدیل نہ کریں کیوں کہ پارٹیاں تبدیل کرنا اچھا عمل نہیں ، ان کا کہنا تھا کہ میں نے سیاست سے استعفیٰ دیا ہے مگر میں آج بھی لیگی ہوں اور میری تمام تر خدمات مسلم لیگ کے لیے ہیں۔