Live Updates

گورنر پنجاب سے حمزہ شہباز شریف کی ملاقات،ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پرتبادلہٴ خیال کیا

جمعہ 2 جون 2017 21:38

گورنر پنجاب سے حمزہ شہباز شریف کی ملاقات،ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں ممبرقومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بالخصوص جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہٴ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب خصوصاً ملتان میں میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان میں میٹروبس سروس شروع ہونے سے وہاں کے باسیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ موجودہ دورِ حکومت میں فنڈز کی تقسیم کرتے وقت پسماندہ اور دوردراز علاقوں کے عوام کو خصوصی طور پر ترجیح دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی اس سلسلے میں خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جتنے ترقیاتی منصوبے موجودہ دور حکومت میں مکمل کئے گئے ہیں اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے بجلی کی صورت حال قدر بہتر ہوئی ہے اور بہت جلد زیر تکمیل منصوبوں کو بھی مکمل کرکے ملک کو اندھیروں سے مکمل طور پر پاک کردیا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے موجودہ قیادت کو ان کی تقدیر بدلنے کا بھاری فریضہ سونپا تھا ہم یہ آج بڑے فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ اس سلسلے میں موجودہ قیادت کافی حد تک کامیاب ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہی وہ نظام ہے جو حقیقت میں عوام کی دادرسی کرتا ہے اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوتے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ موجودہ قیادت نے بلدیاتی اداروں کو مستحکم کرکے جمہوری نظام کو مزید استحکام بخشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار اور اختیارات عوام کی امانت ہیں جو صرف اور صرف انہی کی بہتری کے لئے خرچ ہوں تو آئندہ بھی کامیابی نصیب ہوتی ہے۔

اس موقع پر حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ہم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مخالفین جتنا چاہے واویلاکرلیں ہم عوام کی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نے ہر دًور میں مسلم لیگ(ن) پر الزام تراشی کی ، ان کے جھوٹے دعوئوں کا نتیجہ پہلے بھی زیرو نکلا اور آئندہ بھی وہ ناکام ہوںگے۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کو یہ ڈر ہے کہ جس طرح موجودہ حکومت عوام کے مسائل تیزی سے حل کرنے میں مصروف ہے ، آئندہ انتخابات میں ان کے پاس اپنی سیاست چمکانے کے لئے کوئی ایشو باقی نہیں رہے گا۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات