درگئی ،70سالہ خاتون نے بیٹے کی عدم بازیابی کیخلاف وزیر اعظم ہائو س کے سامنے تادم مرگ ہڑتال کی دھمکی دیدی

جوان سال بیٹا 40 دن سے لا پتہ ہے،وزیراعظم ، گورنا اور وزیر اعلیٰ میرے بیٹے کو بازیاب کروائیں

جمعہ 2 جون 2017 21:00

درگئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جون2017ء) 70سالہ خاتون نے جوان سال بیٹے کے عدم بازیابی کے خلاف وزیر اعظم ہائو س کے سامنے تادم مرگ ہڑتال کی دھمکی دیدی ۔جوان سال بیٹا 40 دن سے لا پتہ ہے،لخت جگر کے لاپتہ ہونے کی فریاد لیکر بوڑھی ماں جمعہ کو پریس کلب پہنچ گئی جہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ستر سالہ خوش پری زوجہ بختیار سکنہ پڑنگے سخاکوٹ ضلع ملاکنڈ نے کہا کہ میرا سعودی پلٹ بیٹا علی اکبر چالیس دن قبل ہمارے پڑوسی ٹیکسی ڈرائیور کی گاڑی میں پشاور گیا جہاں پر ڈرائیور اور گاڑی سمیت لاپتہ ہوگیاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری ا کسی سے کوئی دشمنی اور تنازعہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلاش بسیار کے باوجود کوئی پتہ نہیں چلا، ،ان کے چار چھوٹے چھوٹے بچے ہیں اور وہ اپنے والد کا انتظار کرتے کرتے سو جاتے ہیں جبکہ بوڑھے والد کی بینائی چلی گئی ہے، وزیر اعظم نواز شریف، گورنر ظفر اقبال جھگڑا اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے مطالبہ کیا کہ میرے بیٹے کو غریب ٹیکسی ڈرائیور سمیت بازیاب کرائیں کیونکہ ہم میں مزید غم برداشت کرنے کا سکت باقی نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ اگر دس دن کے اندر بازیابی نہیں کی گئی تو وزیر اعظم نواز شریف کے گھر کے سامنے تادم مرگ دھرنا دونگی