گوادر کے بعد خاران میں بھی داڑھیوں کے ڈیزائن بنوانے پر پابندی عائد

’حجاموں کو سختی سے پابند کیا جاتا ہے وہ داڑھی ڈیزائن یا نقش کی صورت میں نہ بنائیں، اسسٹنٹ کمشنر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

جمعہ 2 جون 2017 18:30

خاران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2017ء)گوادر کے بعد بلوچستان کے ضلع خاران کے مقامی عہدیدار نے بھی رہائشیوں کے داڑھیوں کے ڈیزائن بنوانے پر پابندی لگادی۔اسسٹنٹ کمشنر خاران محمد بخش ساجدی کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ’حجاموں کو سختی سے پابند کیا جاتا ہے وہ داڑھی ڈیزائن یا نقش کی صورت میں نہ بنائیں۔‘نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ’ڈیزائن والی داڑھی اسلامی روایت کے برعکس ہے جس کی تمام ملکی و غیر ملکی علما نے مخالفت کی ہے۔

(جاری ہے)

‘نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا کہ ’جو حجام پابندی کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا اس پر بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔‘واضح رہے کہ چند روز قبل ساحلی ضلع گوادر کے علاقے اوڑماڑہ میں بھی میونسپل کمیٹی نے حجاموں پر داڑھیوں کے ڈیزائن بنانے پر پابندی عائد کردی تھی۔یہ فیصلہ اوڑماڑہ کی میونسپل کمیٹی کے رمضان کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، یہ اجلاس میونسپل کمیٹی کے چیئرمین عامر اقبال کی سربراہی میں ہوا تھا۔اجلاس کے دوران جمعیت علمائ اسلام (ف) کے مقامی رہنما مولوی محمد امین نے اعتراض کیا تھا کہ علاقے کے حجام داڑھیوں پر ڈیزائن بناتے ہیں جو اسلامی شریعت کے خلاف ہے۔۔