ْپانامہ لیکس کیس نواز شریف کیلئے گلے کی ہڈی بن چکا جیسے نہ نگلا جا سکتا ہے اور نہ ہی نکالا جا سکتا ہے‘نواز شریف کا چل چلائو ہے‘ جلد اپنے رسوا کن انجام سے دوچار ہونے والا ہے‘کشمیریوں سے غداری کر کے مودی سے دوستی رکھنے والا نواز شریف اصل میں تقسیم کشمیر کی راہ ہموار کر رہا ہے‘آزاد کشمیر کے حالیہ الیکشن میں بدترین دھاندلی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے

آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدربیرسٹرسلطان محمود چوہدری کا افطار ڈنر سے خطاب

جمعہ 2 جون 2017 16:13

بھمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جون2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدربیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کیس نواز شریف کے لیے گلے کی ہڈی بن چکا۔جیسے نہ نگلا جا سکتا ہے اور نہ ہی باہر نکالا جا سکتا ہے۔نواز شریف کا چل چلائو شروع ہو چکا۔جلد وہ اپنے روسوا کن انجام سے دوچار ہونے والا ہے۔

کشمیریوں سے غداری کر کے مودی سے دوستی رکھنے والا نواز شریف اصل میں تقسیم کشمیر کی راہ ہموار کر رہا ہے۔آزاد کشمیر کے حالیہ الیکشن میں بدترین دھاندلی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے۔لائن آف کنٹرول پر آئے روز بھارتی جاریت سے کشمیری شہید ہو رہے ہیں ۔اس ساری صورتحال پر نواز شریف نے مجرمانہ طور پر چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

تاریخ گواہ ہے جس نے کشمیریوں سے غداری کی وہ تاریخ کے اوراق میں عبرتناک اور حسرتناک انجام بن کر رہ گیا۔سعودی عرب میں اسلامی سربراہی کانفرنس میں مسئلہ کشمیر اور پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا ذکر تک نہ ہونا نواز شریف حکومت کی ناکام ترین خارجہ پالیسی کا واضع ثبوت ہے۔نہال ہاشمی نے جو کہا وہ ایک منظم منصوبے اور سازش سے اُن سے کہلوایا گیا۔

اپنے انجام کو دیکھ کر نواز شریف اور اُس کے حواری عدلیہ اور دیگر اداروں کو خوف میں مبتلا کر کے ان پر اثر انداز ہونا چاہتے ہیں۔تا کہ عدلیہ اور دیگر ادارے نواز شریف کی کرپشن کا احتساب نہ کر سکیں۔میرا حالیہ چھ ملکی دورہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جاریت کو دُنیا میں بے نقاب کرنے کے لیے تھا۔میرے حالیہ دورہ نے بھارت کو سفارتی سطح پر دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے۔

بھمبر کی سرزمین پر کھڑا ہو کر لائن آف کنٹرول کے قریب سے بھارت کو للکار کر کہتا ہوں کہ جب تک زندہ ہوں پوری دُنیا میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کر کے کشمیریوں کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا۔میں آج بھمبر سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز اسلئے کررہا ہوں کیونکہ یہاں کے لوگ غیور ہیں اور انھوں نے ہمیشہ ظالموں کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ بھمبر میرا گھر ہے۔

جہاں ہمیشہ لوگوں نے مجھے بے پناہ محبت سے نوازا ہے۔حکومت انتقامی کاروائیوں میں مصروف ہے۔تعمیر وترقی نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی ۔آج افطار ڈنر میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے ثابت کر دیا ہے کہ لوگ موجودہ حکومت سے تنک آ چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے بھمبر میں افطار ڈنر کے موقع پر ایک جلسہ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کی صدارت سابق اُمیدوار اسمبلی ڈاکٹر انعام الحق نے کی اس سے قبل بیر سٹر سلطان محمود چوہدری جب بھمبر پہنچے تو اُنکا والہانہ استقبال کیا گیا۔اُن پر پھولوں کی پتیاں نچھاوڑ کی گئیں اور اُنھیں پھولوں کے ہار پہنائے گے۔افطار ڈنر سے خطاب کے دوران ڈاکٹر انعام الحق نے کہا کہ بیر سٹر سلطان محمود چوہدری کو حالیہ چھ ملکی دورے پر مبارک باد دیتا ہوں ۔

ان کے حالیہ دورے نے پوری دُنیا میں مسئلہ کشمیر کو سفارتی سطح پر اُجاگر کرنے میںا ہم کردار ادا کیا۔بیر سٹر سلطان محمودچوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان کے اندر اس وقت عمران خان مقبولیت کے لحاظ سے صف اول میں کھڑے ہیں ۔کرپشن نا انصافی کے خلاف اُن کی جراتمند انداز میں جدوجہد نے اُنھیں پاکستان کا مقبول عام لیڈر بنا دیا ہے۔

تحریک انصاف کے نظر یات اور افکار لوگوں کے دلوں میں اتر چکے ہیں۔آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی پاکستان کے چاروں صوبوںمیں تاریخی کامیابی حاصل کرے گی۔وفاق میں حکومتی تبدیلی کے ساتھ ہی آزاد کشمیر میں نواز شریف کے چیلے چاٹے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔نواز شریف کشمیری قوم کا غدار ہے۔کشمیریوں کی تاریخ گواہ ہے جس نے کشمیریوں سے غداری کی وہ عبرت کا نشان بن گیا۔