انسداد منشیات کی عدالت نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں علی موسٰی گیلانی سمیت پانچ ملزمان کو استثنٰی دے دیا

سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست خارج

جمعہ 2 جون 2017 12:54

انسداد منشیات کی عدالت نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں علی موسٰی گیلانی سمیت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2017ء) انسداد منشیات عدالت کی جج ارم نیازی نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسٰی گیلانی سمیت پانچ ملزمان کو حاضری سے استثنٰی دے دیا جبکہ سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست خارج کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو عدالت نے سماعت کی تو موسٰی گیلانی عدالت میں پیش نہ ہوئے اور ان کے وکیل نے استثنٰی کی درخواست جمع کرائی جبکہ عدالت نے سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین کی جانب سے دائر درخواست پر پہلے سے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے خارج کر دی ہے ۔

سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایک سو اکسٹھ کے تحت ریکارڈ بیانات کی کاپی ہمیں دی جائے۔ جس پر عدالت نے حکم دیا کہ ایک سو اکسٹھ کے تحت ریکارڈ بیانات کی کاپی ملزمان کے وکلاء کو فراہم کی جائے۔،عدالت نے مزید حکم دیا کہ ریکارڈ بیانات حوالگی کے بعد کیس کی کاروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔عدالت نے کیس کی سماعت 16 جون تک ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :