روسی صدرپوٹن کی مودی سے ملاقات، گرمجوشی کا اظہار

آپ سے ملاقات اور باہمی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت کے لیے موقع پر ملنے پر بہت خوش ہوں،پیوٹن کا مودی سے مکالمہ

جمعہ 2 جون 2017 12:24

روسی صدرپوٹن کی مودی سے ملاقات، گرمجوشی کا اظہار
ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2017ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سینٹ پیٹرز برگ میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات سے قبل دونوں رہنماؤں نے اس ملاقات کے حوالے سے نہایت گرمجوشی کا اظہار کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے یہ ملاقات روس کے دوسرے سب سے بڑے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں ہوئی ۔

سینٹ پیٹرز برگ میں روس کا سب سے بڑا سالانہ معاشی فورم جاری ہے۔ اس تین روزہ ایونٹ کے دوران روس اور بھارت کے درمیان مختلف اقتصادی معاہدوں پر دستخط ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔کریملن کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بھارتی وزیراعظم کے ساتھ پرائیویٹ میٹنگ سے قبل پوٹن نے مودی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ آپ سے ملاقات اور باہمی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت کے لیے موقع پر ملنے پر بہت خوش ہوں۔

(جاری ہے)

ماسکو حکومت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کریملن سالانہ اقتصادی فورم کے حاشیے میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارتی امور پر توجہ مرکوز رکھی۔ گزشتہ کچھ عرصے سے روس اور بھارت کے مابین اقتصادی تعاون میں کمی واقع ہوئی ہے۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی چار یورپی ممالک کے دورے کے دوران اس وقت روس میں ہیں۔ قبل ازیں وہ جرمنی اور اسپین بھی گئے تھے۔ اس چھ روزہ دورے کے دوران روس کے بعد وہ فرانس جائیں گے۔