پناہ گزینوں اور مہاجرین سے متعلق امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری کی وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ سے ملاقات

وفاقی وزیر نے افغان مہاجرین کا پاکستان پر بوجھ کم کرنے کیلئے امریکہ کی کاوشوں کو سراہا

جمعرات 1 جون 2017 23:35

اسلام آباد ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2017ء) امریکہ کے پناہ گزینوں اور مہاجرین کے امور سے متعلق محکمہ کی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری نینسی ازو جیکسن نے جمعرات کو وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر نے افغان مہاجرین کا پاکستان پر بوجھ کم کرنے کیلئے امریکہ کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری کو پاکستان میں افغان مہاجرین اور عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت سیفران نے یو این ایچ سی آر اور دیگر ڈونرز کے ساتھ مل کر گزشتہ دو سالوں میں 6 لاکھ افغان مہاجرین کی کامیاب واپسی کو یقینی بنایا۔ عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانیں قربان کیں اور وہ کسی بھی قسم کی دہشتگردی کی حمایت نہیں کرتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاسی اور اقتصادی لحاظ سے مضبوط افغانستان کا خواہاں ہے، جس سے پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کی باعزت اور پرامن واپسی کو یقینی بنایا ممکن ہو سکے۔ نینسی ازو جیکسن نے بڑی تعداد میں افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ امریکہ اس سلسلے میں پاکستان کی ہرممکنہ معاونت جاری رکھے گا۔