ْخود کو احتساب کے لئے پیش کرنے کے دعویدار راہ فرار اختیار کر رہے ہیں‘سید مخدوم احمد محمود

جمعرات 1 جون 2017 21:36

ْخود کو احتساب کے لئے پیش کرنے کے دعویدار راہ فرار اختیار کر رہے ہیں‘سید ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنرپنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ فوج میڈیا اور عدلیہ کو متنازعہ بنا کر ذاتی مقاصد کے حصول کے لئے اقتدار پر قابض ہونے والے شریف برادران کسی کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، خود کو احتساب کے لئے پیش کرنے کے دعویدار راہ فرار اختیار کر رہے ہیں، جنہوں نے ایک جھوٹ کو چھپانے کے لئے سو جھوٹ بولے، عدلیہ اور میڈیا پر حملے نواز لیگ کی پرانی تاریخ ہے، یہ بات انہوں نے جنوبی پنجاب کی جنرل سیکرٹری نتاشہ دولتانہ، سیکرٹری اطلاعات چوہدری شوکت محمود بسراء اور پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاھین سے اپنی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہی کہ نہال ھاشمی جذبات میں آ کر وہ سچ بول گئے جو حقیقت تھا، وزیر اعظم کی طرف سے عدلیہ کے خلاف زہر اگلنے کے بعد لیا جانے والا نام نہاد نوٹس کھلا ڈرامہ ہے انہوں نے ہمیشہ اپنے مزاج کے برعکس حکم عدولی اور فیصلہ کرنے والی عدلیہ پر حملہ کرنے سے بھی گریز نہیں کیا۔

(جاری ہے)

یہ اسی بات کا پیش خیمہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے اہم مرکزی رہنمائوں خواجہ آصف، طلال چوہدری، دانیال عزیز، عابد شیر علی، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید اور مریم اورنگزیب کے بعد اب نہال ھاشمی نے بھی شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے کھلے عام اعلیٰ عدلیہ اور اداروں کو یہ پیغام دیکر ثابت کر دیا ہے کہ ان کی کوئی حیثیت نہیں، ڈکٹیٹرشپ کے پیروکار ماضی کی طرح اقتدار پر مسلط رہنا انکا شوق اور معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شریف خاندان پاکستان قوم کے اربوں روپے لوٹ کر باہر منتقل کر کے جائیدادیں بنانے میں مصروف ہے، مہنگائی کا سارا بوجھ غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے لیکن قوم حکمرانوں کو لوٹے ہوئے اربوں روپے ہضم نہیں ہونے دے گی۔

متعلقہ عنوان :