حکومت لوڈشیڈنگ کے خاتمے اورتوانائی بحران سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے، شاہد خاقان عباسی

جمعرات 1 جون 2017 16:06

حکومت لوڈشیڈنگ کے خاتمے اورتوانائی بحران سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات ..
اسلام آباد ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2017ء) وفاقی وزیر پٹرولیم وقدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ حکومت لوڈشیڈنگ کے خاتمے اورتوانائی بحران سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے ، بجلی اورتوانائی کی ضروریات پرقابو پانے کیلئے تیل وگیس کے شعبے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔جمعرات کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ 2013میں اقتدار سھنبالنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے بجلی اورتوانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے، بجلی کی پیداوار میں اضافے پر توجہ مرکوز کی گئی اوراس ضمن میں متعدد منصوبوں پر کام کا آغاز کیا گیا جبکہ پہلے سے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈروپاورپراجیکٹ سمیت توانائی کے مختلف منصوبوں سے لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی آئیگی ، ساہیوال کول پلانٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہوچکی ہے ، دیگر منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت نے اپنی مدت کے خاتمے تک مزید10ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنے کا ہدف مقررکیا ہے، بجلی کی ترسیل اور تقسیم میں نقصانات کو کم سے کم کرنے پر توجہ مرکوزکی گئی ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بجلی اورتوانائی کی ضروریات پرقابو پانے کیلئے تیل وگیس کے شعبے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے کسی امتیاز کے بغیر گیس کنکشنز دینے کی پالیسی اپنائی ہے ۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس سال کے اواخر تک لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر قابو پالیا جائیگا۔