حکمران جماعت کے سینیٹر نہال ہاشمی سے سینٹ اور جماعت کے عہدے سے استعفیٰ لے لیا گیا -وزیراعظم نے فیصلہ مقتدرحلقوں کی جانب سے شدید ردعمل پر کیا-چیف جسٹس آف پاکستان نے ازخود نوٹس لے کر کل طلب کرلیا-نہال ہاشمی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے نہال ہاشمی کو کل ایک بجے سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 31 مئی 2017 19:39

حکمران جماعت کے سینیٹر نہال ہاشمی سے سینٹ اور جماعت کے عہدے سے استعفیٰ ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔31مئی۔2017ء) حکومتی جماعت مسلم لیگ( ن) کے راہنما نہال ہاشمی سے سینیٹ اور پارٹی عہدے سے استعفیٰ لے لیا گیا ہے۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مقتدر حلقوں کی جانب سے نہال ہاشمی کے بیان پر شدید ردعمل پر استعفی لے لیا ہے- یوم تکبیر کی تقریب میں سے نہال ہاشمی کے خطاب کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ناراضی کا اظہار کیا اور ان سے پارٹی عہدے اور سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ طلب کیا ۔

سینیٹر نہال ہاشمی نے وزیراعظم کے بیٹے سے حساب لینے والوں کو کھلی دھمکیاں دی ہیں ،نوازشریف نے پارٹی پالیسی اور ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نہال ہاشمی کیخلاف انضباطی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔وفاقی وزیر مملکت مریم اورنگزیب ،گورنر سندھ محمد زبیر اور دیگر پارٹی رہنماﺅں نے بھی ان کے بیان کو پارٹی پالیسی کے بجائےان کی ذاتی رائے قرار دیا ۔

(جاری ہے)

نہال ہاشمی اس سے قبل سابق گورنر سندھ عشرت العباد کے حوالے سے بھی متنازع بیان دے چکے ہیں،ان کے اس بیان کو بھی پارٹی نے ذاتی رائے قرار دے کر مستر د کردیا تھا۔اس سے پہلے مسلم لیگ نون کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان بھی متنازعہ بیان دینے کی وجہ سے وزارت سے سبکدوش کیے جاچکے ہیں۔مشاہد اللہ خان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں دھرنے کی سازش کے بارے میں انکشاف کیا تھا کہ اس میں کچھ سرکاری افسر ملوث تھے، بعد میں انھوں نے اسے سنی سنائی بات قرار دیا تھا۔

دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان نے نون لیگ کے سینیٹر نہال ہاشمی کی تقریری کا از خود نوٹس لیتے ہوئے انہیں کل سپریم کورٹ طلب کرلیا ہے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جے آئی ٹی ٹیم کے حوالے سے دئیے گئے نہال ہاشمی کے بیان کا نوٹس لے کر ان کا معاملہ پاناما عمل درآمد بینچ کو بھیج دیا ہے۔سپریم کورٹ میں نہال ہاشمی کے حوالے سے لئے گئے از خود نوٹس کیس کی سماعت جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں قائم 3رکنی بینچ کرے گا۔

جے آئی ٹی ٹیم کی خلاف نون لیگ کے راہنما کے بیان پر سماعت کل دوپہر ایک بجے ہوگی۔نہال ہاشمی کے پاس مسلم لیگ ن سندھ کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ ہے۔ذرائع کے مطابق نہال ہاشمی کو وزیر عظم ہاﺅس بھی طلب کیا گیا ہے جہاں ان کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہیں پارٹی کی جانب سے باقاعدہ شوکاز نوٹس بھی جا ری کردیا گیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نہال ہاشمی سے استعفیٰ طلب کرنے کی تصدیق کرتے ہو ئے کہا کہ ان سے نہ صرف پارٹی عہدے سے استعفیٰ طلب کیا گیاہے بلکہ ان سے سینیٹر شپ سے بھی مستعفی ہونے کے لئے کہا گیا ہے۔

نہال ہاشمی کو پارٹی کی جانب سے باقاعدہ شوکاز نوٹس بھی جا ری کردیا گیا ہے جس میں انہیں پارٹی رکنیت سے معطل کر کے وضاحت کےلئے وزیراعظم ہاﺅس طلب کیا گیا ہےکہ انہوں نے کس سوچ کے تحت یہ بیان جا ری کیا۔واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کے راہنما سینیٹر نہال ہاشمی کاسوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں کہنا تھا کہ احتساب کرنے والوں ہم تمہارا یوم حساب بنادیں گے، تم جس کااحتساب کر رہے ہو وہ نوازشریف کا بیٹاہے، ہم نے تم کو چھوڑنا نہیں ،آج حاضر سروس ہو کل ریٹائر ہوجاﺅ گے، ہم تمہارے بچوں اور خاندان کے لیے پاکستان کی زمین تنگ کردیں گے۔

اس سے پہلے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے نہال ہاشمی کے بیان پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ،وزیر اعظم نے نہال ہاشمی سے بیان پر وضاحت بھی طلب کی ہے۔