وفاقی بجٹ میں قومی ترقی اور عوام مسائل کے حل کو ترجیح دی گئی ،زیادہ رقوم ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص کی گئی‘ملک رفیق رجوانہ

ملک میں بجلی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے توانائی کے منصوبو ں کو وقت سے پہلے مکمل کرنا صوبائی حکومت کا کارنامہ ہے ،لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی‘گورنر پنجاب

بدھ 31 مئی 2017 18:10

وفاقی بجٹ میں قومی ترقی اور عوام مسائل کے حل کو ترجیح دی گئی ،زیادہ ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں و گڈ گورننس سے ملک تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہا ہے ، قومی وسائل عوامی فلاح و بہبوود اور انفراسٹرکچر کی ترقی پر صرف کئے جا رہے ہیں اور سرمایہ کاروں کے لئے زیادہ سے زیادہ سہولیات اور مواقع پیدا کرنے سے پاکستان میں بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے ۔

انہوں نے یہ بات گورنر خیبر پختونخواہ ظفر اقبال جھگڑا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوںنے پنجاب ہاوس اسلام آباد میںان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران قومی معاملات ، سیاسی امور اور دونوں صوبوں کے عوام کی ترقی اور بھلائی کے لئے وفاقی حکومت کے جاری منصوبوں کے بارے میںبات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہاکہ وفاقی بجٹ میں قومی ترقی اور عوام مسائل کے حل کو ترجیح دی گئی ہے اور زیادہ رقوم ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص کی گئی ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہاکہ صوبائی بجٹ بھی عوام دوست ، ترقیاتی ، فلاحی اور متوازن ہو گا جس میں ہر شعبہ زندگی کی ترقی کے مواقع فراہم کئے جائیںگے۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے توانائی کے منصوبو ں کو وقت سے پہلے مکمل کرنا صوبائی حکومت کا کارنامہ ہے جس سے لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔گورنر پنجاب نے کہاکہ حکومت پنجاب انقلابی ترقی کے روڈ میپ پر عمل پیرا ہے اور تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، ذرائع مواصلات کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات زندگی کی فراہمی پر بھر پور توجہ دی جا رہی ہے۔

گورنر پنجاب نے جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوامی ضروریات پوری کرنے کے لئے زیر تکمیل منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا اور کہاکہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی دور کرنے، روز گار کے مواقع پیدا کرنے ، زرعی ترقی اور خصوصی طور پر تعلیمی اور طبی سہولتوںمیںاضافے کے لئے مکمل کئے گئے اور جاری منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا ۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے دیہی و پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے خاطر خواہ وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے کسان پیکج کابھی ذکر کیا جس کے تحت کاشتکاروںکو زرعی قرضوں، بیج ، کھاد ، کیڑے مار ادویات کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان میں معیشت مضبوط بنیادوں پر کھڑی ہو گئی ہے اور سی پیک جیسے عظیم منصوبے سے ملک میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے یہ خطہ بین الاقوامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہو گا۔

گورنر خیبر پختونخواہ ظفر اقبال جھگڑا نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خوشحالی کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے ایسے پروگرام متعارف کرا رہی ہے جس سے ہمہ جہت ترقی کے مقاصد حاصل ہورہے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی طرف سے خیبر پختونخواہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے اپنے دورے کے صوبے کے عوام کی مشکلات دور کرنے کے لئے جن منصوبوں کا اعلان کیا ان کی تکمیل سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔