ریٹائرڈ صدر معلم کاظم شاہ کو بھارتی افواج نے شہید کر کے ہماری غیرت اور صلاحیت کو چیلنج کیا ہے ،عبدالرشید ترابی

واقعہ قابل مذمت ہے، نریندر مودی کی دہشت گردی کا اسے جواب ملنا چاہئے، کشمیری آزاد ی کی منزل حاصل کر کے رہیں گے، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر

بدھ 31 مئی 2017 17:24

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ریٹائرڈ صدر معلم کاظم شاہ کو ہندوستانی قابض افواج نے شہید کر کے ہماری غیرت اور صلاحیت کو چیلنج کیا ہے ، نریندر مودی کی دہشت گردی کا اسے جواب ملنا چاہیے ۔یہ قابل مذمت واقعہ ہے ، نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں بد ترین مظالم اور اپنی شکست کو چھپانے کے لیے سیز فائر لائن پر فائرنگ اور نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنا کر خوف پیدا کرنا چاہتا ہے جس میں وہ کامیاب نہیں ہوگا ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے مظالم کا حساب لیں گے ، پانچ لاکھ جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری اپنی آزادی کی منزل حاصل کر کے رہیں گے ، ہندوستان نے ہٹ دھرمی ترک نہ کی اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق نہ دیا تو کشمیری بزور شمشیر آزادی حاصل کریں گے اور ہندوستان کا موجودہ نقشہ تبدیل ہو جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا ریاستی دہشت گردی پر عالمی برادری کی خاموشی ہندوستان کو مزید مظالم ڈھانے کی شہہ مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بد ترین استعماری ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکا ، برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد تحریک نے نئی تاریخ رقم کی ہے ، طلبہ اور طالبات پتھروں سے ہندوستان کی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔