بجلی اور پانی کا بحران عوام کی جان کا دشمن بن گیا ہے ، انور گجر

ْنواز شریف اور زرداری نے قدرتی وسائل سے مالا مال پاکستان کو جہنم بنا دیا ہے ، رزاق باجوہ

بدھ 31 مئی 2017 16:38

بجلی اور پانی کا بحران عوام کی جان کا دشمن بن گیا ہے ، انور گجر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ( اطلاعات ) محمد انور گجر ، کراچی ڈویژن کے کوآرڈی نیٹر رزاق باجوہ نے اپنے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ سندھ میں مردوں کو غسل دینے کے لیے بھی پانی نہیں ہے ۔ بجلی اور پانی کا بحران عوام کی جان کا دشمن بن گیا ہے ۔ پانی اور بجلی نہ ہونے کے باعث روزے داروں کی سحر و افطار پریشانی کا باعث بن گئی ہے ۔

اس کے ذمہ دار حکمران ٹولہ ہے ۔ پانی کے لیے عوام دربدر گھوم رہے ہیں اور بجلی کی لوڈشیڈنگ میں مسلسل اضافے سے لوگ مر رہے ہیں اور عوام اذیت میں مبتلا ہیں ۔ نواز شریف اور زرداری نے جنت سے جیسے پاکستان کو جہنم بنا دیا ہے ۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو عذاب میں مبتلا کرکے ذہنی مریض بنا دیا ہے ۔

(جاری ہے)

میاں برادران نے 6 ماہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے بجائے ، بجلی کو ہی ختم کر دیا ہے ۔

کراچی سمیت پورے سندھ کو اندھیروں میں ڈبو دیا گیا ہے ۔ نواز شریف اور اس کی کچن کابینا کے لوگ بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے مسلسل جھوٹے دعوے کرکے عوام کا مذاق اڑا رہے ہیں ۔ قدرتی وسائل سے مالا مال پاکستان کو بنے 70 سال سے زائد کا عرصہ ہو گیا ہے لیکن ہمارے لٹیرے حکمران عوام کو بجلی ، پانی ، گیس ، تعلیم ، صحت و صفائی تو آج تک نہیں دے سکے لیکن پھر بھی یہ حکمران ٹولہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے خواب دکھا رہا ہے ۔

دبئی کے شیخوں نے ریت کے ڈھیر کو چند عرصے میں جنت بنا دیا لیکن پاکستان کے حکمران اسے مسائل کا گڑھ بنانے پر تلے ہوئے ہیں ۔ انور گجر رزاق باجوہ نے مزید کہا کہ دنیا بھر اور غیر مسلم ممالک میں بھی رمضان المبارک کا مہینہ آتے ہی روز مرہ کی کھانے پینے اور دیگر استعمال کی اشیاء میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں رمضان المبارک کا مہینہ آتے ہی منافع خور اشیاء کا اسٹاک کرکے منافع کمانے کے لیے مہنگائی کا بوجھ غریبوں کے کندھوں پر ڈالتے ہیں اور منافع خور مالا مال ہوتے ہیں ۔

جنہیں کوئی پوچھنے یا روکنے والا نہیں ۔حالانکہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر ان کی چیخیں نکال دی ہیں لیکن وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ دہی بھلے اور پکوڑے لینے برنس روڈ جا کر صرف فوٹوسیشن اور سیلفیاں لینے میں مگن ہیں ۔ ان کے اس دورے سے عوام کو کتنا ریلیف ملا اور کتنی مہنگائی میں کمی آئی ۔