پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد تمباکو کا عالمی دن بدھ کو منایا گیا

بدھ 31 مئی 2017 13:25

پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد تمباکو کا عالمی دن بدھ کو منایا گیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2017ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد تمباکو کا عالمی دن بدھ کو منایا گیا۔ اس دن کے منانے کا مقصد عالمی سطح پر صحت کے بارے میں آگاہی اور تمباکو کے استعمال کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے خطرات اور تمباکو کے استعمال کو کم کرنے کے لئے موثر پالیسیوں کی وکالت کرنا ہے۔ یہ دن ہر سال 31 مئی کو منایا جاتا ہے۔

رواں سال 2017ء کے لئے اس عالمی دن کا موضوع ’’تمباکو۔ ترقی کے لئے ایک خطرہ‘‘ رکھا گیا ہے۔ عالمی سطح پر اس دن کو منانے کا ایک اور اہم مقصد دنیا کے ممالک کی طرف سے پائیدار ترقیاتی ایجنڈا 2030ء میں انسداد تمباکو کے شامل کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے مختلف تنظیموں کی جانب سے آگاہی سیمینار اور مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایک اندازے کے مطابق تمباکو کے استعمال کی وجہ سے سالانہ 6 ملین لوگ موت کا شکار ہو جاتے ہیں اور 2030ء تک یہ تعداد 8 ملین تک پہنچ سکتی ہے۔تمباکو نوشی کینسر، دل کی بیماریوں اور فالج کا باعث بنتی ہے۔ پاکستان میں تمباکو کے استعمال کی وجہ سے روزانہ تقریباً 300 افراد موت کا شکار ہوتے ہیں۔ تمباکو کی مصنوعات کی مانگ میں کمی کے لئے ان پر ٹیکس میں اضافہ ایک اہم حکمت عملی ہو گی جس سے لوگوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :