دمشق کے نواحی علاقے برزہ سے شامی باغیوں کا انخلاء مکمل

صدر بشارالاسد کی دارالحکومت کے نواحی علاقوں میں چار سال بعد دوبارہ عمل داری قائم ہوگئی

منگل 30 مئی 2017 15:17

دمشق کے نواحی علاقے برزہ سے شامی باغیوں کا انخلاء مکمل
دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2017ء) شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے برزہ سے باغیوں اور ان کے رشتے داروں کا انخلاء مکمل ہوگیا ہے اور وہ اپنا گھربار چھوڑ کر ملک کے شمال مغرب کی جانب چلے گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق شامی حکومت کے ساتھ ایک سمجھوتے کے تحت محاصرہ زدہ برزہ سے باغی جنگجو اور ا ن کے رشتے دار وں کو باغی گروپوں کے زیر قبضہ شمال مغربی صوبے ادلب میں منتقل کیا گیا ہے ۔

دمشق کے گورنر نے سوموار کو سرکاری ٹیلی ویڑن سے نشر ہونے والے ایک بیان میں برزہ سے حکومت مخالفین کے مکمل انخلاء کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ یہ تمام علاقہ اب ریاست ( اسد حکومت) کے کنٹرول میں آگیا ہے۔سرکاری ٹیلی ویڑن کے مطابق 455 جنگجوؤں سمیت 1012 افراد بسوں کے ایک قافلے کی شکل میں شمالی شام کی جانب روانہ ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

برزہ اور اس سے ملحقہ علاقوں قابون اور تشرین پر باغی گروپوں کا گذشتہ چار سال سے قبضہ تھا جبکہ شامی فوج نے ان تمام علاقوں کا مکمل محاصرہ کررکھا تھا۔

2013ء کے بعد پہلی مرتبہ یہ علاقے صدر بشارالاسد کی حکومت کے دوبارہ کنٹرول میں آگئے ہیں۔برزہ کو چھوڑ کر جانے والے زیادہ تر افراد باغیوں کے مضبوط گڑھ شمال مغربی صوبے ادلب کی جانب جارہے تھے جبکہ بعض ترکی کی سرحد کے نزدیک واقع قصبے جرابلس کی جانب رواں دواں تھے۔اس قصبے پر ترکی کے حمایت یافتہ شامی باغیوں کا قبضہ ہے۔

متعلقہ عنوان :