پاکستانیوں کیلئے امریکی ویزوں میں 40 فی صد کمی

ویزوں کے اجرا میں مختلف عوامل اثر انداز ہوتے ہیں اس لیے تعداد مختلف ہوتی رہتی ہے ،امریکی محکمہ خارجہ

منگل 30 مئی 2017 15:17

پاکستانیوں کیلئے امریکی ویزوں میں 40 فی صد کمی
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2017ء) صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی انتظامیہ کے تحت پاکستان کے لیے ویزوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بتایاکہ پاکستان کے لیے مارچ اور اپریل میں جاری کیے جانے والے نان امیگرنٹ ویزوں کی تعداد میں پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 40 فی صد تک کمی ہوئی ہے۔

پاکستان کے برعکس بھارتی شہریوں کے لیے جاری کیے جانے والے ویزوں کی تعداد میں پچھلے سال مارچ اور اپریل کے مقابلے میں 28 فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔ویزوں سے اجراکے متعلق ماہانہ بنیادوں پر امریکی حکومت نے اس سال مارچ سے اعداد و شمار جاری کرنے شروع کیے ہیں جب کہ اس سے پہلے انہیں سالانہ بنیاد پر جاری کیا جاتا تھا۔رپورٹ میں امریکی محکمہ خارجہ کے جاری کردہ ڈیٹا کے حوالے سے بتایاگیا کہ پاکستانیوں کو اپریل میں 3925 اور مارچ میں 3973 نان امیگرنٹ ویزے جاری کیے تھے جو براک اوباما کی انتظامیہ کے تحت مارچ اور اپریل میں دیئے جانیوالے ویزوں کے مقابلے میں 40 فی صد تک کم ہیں۔

(جاری ہے)

اخبار نے لکھا ہے کہ پچھلے سال پاکستانیوں کو مجموعی طور پر 78637 نان امیگرنٹ ویزے جاری کیے گئے تھے جن کی ماہانہ اوسط 6553 بنتی ہے ۔اس سے ایک سال قبل 2015 میں پاکستانیوں کو کل 74150 ویزے دیئے گئے تھے، جن کا ماہانہ اوسط 6179 بنتا ہے۔امریکی محکمہ جارجہ کے ایک ترجمان نے ویزوں کے اجرا میں مختلف عوامل اثر انداز ہوتے ہیں اس لیے سال کے مختلف مہینوں میں ویزوں کی تعداد مختلف ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :