سپیکر قومی اسمبلی کے رویے سے نہ پہلے گلہ تھا نہ اب گلہ ہے‘ آپ کا منصب ایسا ہے کہ اپوزیشن اس کا احترام کرتی ہے

تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی کا قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر بیان

منگل 30 مئی 2017 13:50

سپیکر قومی اسمبلی کے رویے سے نہ پہلے گلہ تھا نہ اب گلہ ہے‘ آپ کا منصب ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2017ء) تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کے رویے سے نہ پہلے گلہ تھا نہ اب گلہ ہے‘ آپ کا منصب ایسا ہے کہ اپوزیشن اس کا احترام کرتی ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ قائد حزب اختلاف جو پہلے تھے اب بھی وہی ہیں۔

جمہوریت اور آئین کو اگر نقصان پہنچتا ہے تو پھر اس ایوان میں بیٹھنے والا ہر رکن متاثر ہوگا۔ حکومت کے پاس اکثریت ہے، اپوزیشن نہ بھی ہو تو بجٹ پر بحث ہو سکتی ہے۔ اچھی جمہوری روایت ہوگی کہ اپوزیشن کے ذریعے تصویر کا دوسرا رخ عوام کو دکھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اس انا میں الجھے رہے تو بجٹ کی افادیت کھو دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے احتجاج سے ماحول بگڑے گا تو اس میں حکومت کی بجائے اپوزیشن کا فائدہ ہوگا۔

حکومت کو اپنے رویے پر نظرثانی کرنا پڑے گی۔ ہم کٹوتی کی کوئی تحاریک پیش نہیں کرتے حکومت آئندہ چند دنوں میں بجٹ منظور کر سکتی ہے مگر یہ ساری کارروائی بے معنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے درست فیصلہ کیا تو یکم جون کو صدر مملکت کے خطاب کے موقع پر ہمارا طرز عمل بھی بہتر ہوگا۔ فیصلہ اب حکومت نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت میں سیاسی سوجھ بوجھ ہے تو یہ سپیکر کی کرسی سے فائدہ لے سکتی ہے۔ آپ کی غیر جانبداری کو متاثر نہ ہونے دے۔ سپیکر کا کام ریگولیٹ کرنا ہے۔