پاکستانی یونیورسٹیوں کے طلبہ کے وفد کا اناطولیہ نیوزایجنسی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ

منگل 30 مئی 2017 13:42

پاکستانی یونیورسٹیوں کے طلبہ کے وفد کا اناطولیہ نیوزایجنسی کے ہیڈکوارٹرز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2017ء) پاکستانی طلبہ کے گروپ نے ترکی کے شہر انقرہ میں اناطولیہ نیوزایجنسی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ۔ وفد میں امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے مختلف یونیورسٹیوں کے 28 طلباء اور5 فیکلٹی ممبران شامل تھے۔لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر کوثر رخسانہ نے وفد کی قیادت کی۔

اناطولیہ نیوزایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل مصطفیٰ اوزکایا نے پاکستانی وفد کا بھرپورخیرمقدم کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ اوزکایا نے بتایا کہ پاکستان اورترکی کے درمیان تعلقات نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری اسلامی دنیاء کیلئے اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے اس موقع پراناطولیہ نیوزایجنسی کے بارے میں ایک پریزینٹیشن بھی دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر پاکستانی طلباء سے ترکی میں گزشتہ سال کے ناکام فوجی بغاوت سے متعلق سوالات بھی کئے جن کے پاکستانی طلباء نے جوابات دیئے۔

ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل مصطفیٰ اوزکایا نے بتایا کہ اللہ کے فضل اورترک عوام کی استقامات سے فوجی بغاوت کو ناکام بنایا گیا،اگر یہ بغاوت کامیاب ہوتی تو اس سے نہ صرف ترکی بلکہ پوری مسلم امہ کو نقصان پہنچتا۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنے کی ضرورت ہے۔ مصطفیٰ اوزکایا نے بتایا کہ جون 2016ء کی ناکام فوجی بغاوت کے پیچھے فتح اللہ گولن کی تنظیم کا ہاتھ ہے جس مین 250افراد جاں بحق اورسینکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔