سی پیک کے تحت ضلع نوشہرہ میں رشکئی اقتصادی زون کے قیام کیلئے 1000 ایکڑ اراضی حاصل کرلی گئی

پھلوں اوراشیائے خوراک کی پیکجنگ،ٹیکسٹائیل سٹچنگ و نیٹنگ اوردیگر متعلقہ صنعتوں کے قیام اوران کیلئے سہولیات پر توجہ دی جائے گی

منگل 30 مئی 2017 13:09

سی پیک کے تحت ضلع نوشہرہ میں رشکئی اقتصادی زون کے قیام کیلئے 1000 ایکڑ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2017ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں واقع رشکئی اقتصادی زون کے قیام کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت منصوبہ بندی میں قائم سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ رشکئی اقتصادی زون (ایم ون نوشہرہ ) کیلئے 1000 ایکڑ اراضی حاصل کی جاچکی ہے اورصنعتی بستی کے قیام کیلئے اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

حکام کے مطابق اس اقتصادی زون میں پھلوں اوراشیائے خوراک کی پیکجنگ،ٹیکسٹائیل سٹچنگ و نیٹنگ اوردیگر متعلقہ صنعتوں کے قیام اوران کیلئے سہولیات پر توجہ دی جائے گی۔ رشکئی اقتصادی زون کی علاقائی و جغراقیائی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس صنعتی بستی سے ائیرپورٹ کا فاصلہ 65کلومیٹر، ڈرائی پورٹ 65 کلومیٹر، ریلوے سٹیشن 25کلومیٹر، سٹی سینٹر15 کلومیٹر، ہائی وے 5کلومیٹر اورموٹروے بالکل متصل ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں صنعتی بستی کے قیام کی تجویز صوبائی حکومت کی طرف سے آئی تھی اور اس میں وفاقی حکومت کی طرف سے کوئی مداخلت نہیں کی گئی ہے ، اس منصوبہ کی فیزیبلٹی سٹڈی جاری ہے۔ حکام کے مطابق سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت پاکستان میں چین کے تعاون سے صعنتی انقلاب برپا ہوگا‘ اس مرحلہ میں ملک کے چاروں صوبوں ‘ گلگت بلتستان ‘ فاٹا اور آزاد کشمیر میں مجموعی طورپر 9 صنعتی زونز بنائیں جائیں گے ۔

چھٹی جے سی سی اجلاس میں پاک چین صنعتی تعاون کے شعبے میں کام مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ پاک چین صنعتی تعاون کے تحت صوبوں کی جانب سے منتخب9 زونز کی شمولیت کا فیصلہ ہوا ،اس مقصد کیلئے صوبوں نے مختلف مقامات کی نشاندہی کی تھی جن میں خیبر پختونخوا کی جانب سے رشکئی اکنامک زون اور سندھ کی جانب سے چائنہ اکنامک زون داریجی، بلوچستان کی جانب سے بوستان اکنامک زون اورپنجاب کی جانب سے چائنہ اکنامک زون شیخوپورہ، گلگت بلتستان کی جانب سے مقپون داس گلگت جبکہ کشمیر کی جانب سے بھمبر صنعتی زون کو شامل کرنے کی تجویز دی گئی تھی،دارلحکومت اسلام آباد میں آئی سی ٹی ماڈل انڈسٹریل زون اورپورٹ قاسم میں پاکستان سٹیل میل کی اراضی پرانڈسٹریل پارک بنانے جبکہ فاٹا کی جانب سے مومند ماربل انڈسٹریل زون بنانیں جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :