مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 6کھرب 79 ارب 55کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری

منگل 30 مئی 2017 13:09

مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 6کھرب ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2017ء) وزارت منصوبہ بندی وترقیات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر اب تک 6کھرب 79 ارب 55کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے ہیں۔ حکومت نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے لئے 8کھرب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔

پلاننگ کمیشن کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق حکومت نے پرائم منسٹر یوتھ اور ہنر مند پروگرام کے لئے 10 ارب 27 کروڑ 80لاکھ ‘عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کے لئے 61ارب 29 کروڑ ‘ پرائم منسٹر گلوبل پائیدار ترقیاتی اہداف کے لئے 27 ارب 50کروڑ ‘ ایرا کے لئے 11ارب 22کروڑ ‘ سیفران فاٹا کے لئے 21ارب 54کروڑ‘ گلگت بلتستان بلاک کے لئے 10ارب 70کروڑ ‘ اے جے کے بلاک کے لئے 15ارب 65کروڑ ‘ واپڈا پاور سیکٹر کے لئے ایک کھرب 29 ارب 66 کروڑ ‘ نیشنل ہائی وے اتھاڑی کے لئے ایک کھرب 93ارب 66کروڑ ‘ پانی و بجلی کے لئے 24 ارب 49کروڑ ‘ سپارکو کے لئے دو ارب ‘ ریلویز ڈویژن کے لئے 40ارب 76کروڑ ‘ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے لئے 22 ارب 57 کروڑ ‘ملک میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لئے 33ارب 32کروڑ ‘داخلہ ڈویژن کے لئے 11 ارب ‘ ہائر ایجوکیشن ڈویژن کے لئے 20ارب 27کروڑ ‘فنانس ڈویژن کے لئے 4ارب 71کروڑ ‘ ڈیفنس پروڈیکشن ڈویژن کے لئے 2ارب 30کروڑ ‘ ایوی ایشن ڈویژن کے لئے 2ارب 86کروڑ سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پلاننگ کمیشن ایک خاص طریق کار کے تحت مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کو فنڈز جاری کررہا ہے۔