بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، کراچی سمیت سندھ کے 15اضلاع تاریکی میں ڈوب گئے

منگل 30 مئی 2017 12:10

بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، کراچی سمیت سندھ کے 15اضلاع تاریکی میں ڈوب گئے
کراچی /جامشورو/حیدر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2017ء) رمضان المبارک کی تیسری سحری کے وقت بجلی کے بڑے بریک ڈاؤ ن کی وجہ کراچی سمیت سندھ کے 15اضلاع تاریکی میں ڈوب گئے ۔منگل کوبن قاسم بجلی گھر سے آنے والی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن میں فنی خرابی کے باعث کے الیکٹرک کے 15 سے زائدگرڈ اسٹیشنز ٹرپ کرگئے۔ بریک ڈاؤن کے باعث شہر کا بڑا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، گرڈ اسٹیشنز ٹرپ ہونے کی وجہ سے ڈیفنس، ڈیفنس ویو، کلفٹن، محمود آباد، کورنگی، لانڈھی، ناظم آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا، نارتھ کراچی، نیوکراچی، بفرزون، نارتھ ناظم آباد، گلبہار، شادمان ٹاؤن، عائشہ منزل، شاہ فیصل کالونی، ملیر، کھوکھرا پار، مبینہ ٹاؤن ، گڈاپ سٹی اور سرجانی ٹاؤن سمیت اولڈ سٹی کے کئی علاقے میں اندھیرے ڈوب گئے جس کے باعث شہریوں کو سحری میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

لوڈشیڈنگ کے باعث شہرکے متعدد علاقوں میں مشتعل افراد کی جانب سے کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا اور شدید نعرے بازی کی گئی۔ دوسری جانب کے الیکٹرک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بجلی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے تاہم اس میں کتنا وقت لگے گا کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے شہر میں بجلی کی عدم فراہمی کی موجودہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک انتظامیہ کو طلب کیا۔

کمشنرکراچی اعجاز احمد خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کے الیکٹرک بجلی کی موجودہ صورتحال کی وضاحت کرے اور صورتحال بہتر بنائے۔دوسری جانب بریک ڈاؤن سے حیدرآباد کے نصف سے زائد علاقوں میں بھی بجلی بند ہوگئی جس کے بعد مشتعل مظاہرین نے حیسکوکے خلاف سخت احتجاج کیا۔ نیشنل گرڈ سے آنے والی 5 سو کے وی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن دوبارہ ٹرپ ہونے سے زیریں سندھ کے 14 اضلاع 4 گھٹوں سے بجلی سے محروم ہوگئے ۔بریک ڈاؤن سے متاثرہ اضلاع میں حیدرآباد سمیت جامشورو، مٹیاری، ٹنڈوالہیار، ٹنڈومحمدخان اور مٹیاری شامل جب کہ بدین، سانگھڑ، ٹھٹھہ، سجاول، دادو، تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص بھی بجلی سے محروم ہوگئے ۔