وزیراعظم نے کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس آج پھر بلالیا-غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر برہمی کا اظہار۔ لوڈشیڈنگ کا موجودہ شیڈول قبول نہیں۔ سحروافطارمیں لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔ وزیر اعظم نواز شریف -جامشورو کی 500 کے وی ہائی ٹرانسمیشن لائن دوبارہ ٹرپ کرگئی۔ 76 گرڈ سٹیشن بند ہونے سے سندھ کے13 اضلاع متاثر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 30 مئی 2017 10:53

وزیراعظم نے کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس آج پھر بلالیا-غیراعلانیہ ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30مئی۔2017ء) وزیراعظم نے کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس آج پھر بلالیا ہے۔ملک بھر میں اضافی لوڈشیڈنگ پر وزیر اعظم نواز شریف نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا موجودہ شیڈول قبول نہیں۔ سحروافطارمیں لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔ عوام کو واضح ریلیف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جبکہ ملک بھر میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور وفاقی وزیرپانی وبجلی خواجہ آصف کہہ چکے ہیں کہ ان کی جماعت کو صرف نئے منصوبوں کے افتتاح میں دلچسپی ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ عوام کو صرف یہ پتا چلتا رہے کہ نئے پاورپلانٹس کے فیتے کٹ رہے ہیں -ادھرجامشورو کی 500 کے وی ہائی ٹرانسمیشن لائن دوبارہ ٹرپ کرگئی۔

حیسکو ریجن کے 76 گرڈ اسٹیشن ایک بار پھر بند ہوگئے جس کے باعث سندھ کے13 اضلاع میں بجلی غائب رہی۔

(جاری ہے)

حیسکو ذرائع کے مطابق13 اضلاع میں بجلی کی بندش سے حیدرآباد ،جامشورو ،ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار ، میرپورخاص ، ٹھٹھہ، سجاول متاثر ہوئے ہیں۔ترجمان این ٹی ڈی سی کا کہنا کہ ٹرانسمیشن لائن نمی کی وجہ سے ٹرپ ہوئی، ایک گھنٹے میں 400 میگاواٹ بجلی حیسکو کو فراہم کردی جائے گی۔

بجلی کی غیراعلانی اور طویل لوڈشیڈنگ پر شہریوں نے حیسکو کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ شدید گرمی سے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ میرپور خاص میں حیسکو کے شکایتی مرکز کو آگ لگادی گئی۔جامشورو میں تھرمل پاور ہاﺅس کی رہائشی کالونی کے مکینوں نے بجلی کی طویل بندش کے خلاف احتجاج کیا، جس میں حیسکو حکام کے خلاف نعرے لگائے گئے اور ٹائر بھی جلائے تاہم پولیس نے لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کردیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی پیداوار کرنے والوں کی کالونی کو ہی بجلی کی سہولت سے محروم رکھا جارہا ہے۔حیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ جامشورو تھرمل پاور ہاﺅس کالونی کی بجلی بحال ہے البتہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھایا گیا ہے۔ میرپورخاص میں بھی بجلی کی غیراعلانی معطلی کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ٹنڈوالہ یار میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے تنگ شہریوں نے واپڈا آفس کے سامنے احتجاج کیا۔ مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر میرپور خاص حیدرآباد روڈ بلاک کردی اور گرڈ اسٹیشن کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔