مورا بنگلہ دیش کے ساحلوں سے ٹکراگیا-دس لاکھ افراد متاثر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 30 مئی 2017 10:53

مورا بنگلہ دیش کے ساحلوں سے ٹکراگیا-دس لاکھ افراد متاثر
ڈھاکہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30مئی۔2017ء) بنگلہ دیش میں حکام مورا نامی سمندری طوفان کے ساحل سے ٹکرانے سے قبل تقریباً دس لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے اندازوں کے مطابق مورا نامی طوفان بنگلہ دیش کے مشرقی ساحل سے ٹکراگیا ہے۔جس سے ملک کے جنوب مشرق میں واقع شہروں میں طوفان کے پیش نظر خطرے کی درجہ بندی بڑھا کر بہت خطرناک درجہ دس کر دی گئی ہے۔

یہ سمندری طوفان کچھ دن قبل سری لنکا میں تیز بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب کے بعد بنا، جس میں اب تک کم از کم 180 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سری لنکا میں گذشتہ 14 سالوں میں یہ سب سے بڑا سیلاب ہے جس کی وجہ سے ملک میں اب تک پانچ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 100 سے زائد لاپتہ ہیں۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کے چٹاگانگ ضلع میں طوفان سے بچنے کے لیے لوگ 500 محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں جبکہ سکولوں اور سرکاری عمارات کو عارضی طور پر محفوظ مقامات کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا کہ مورا طوفان سے میدانی علاقے جیسے چٹا گانگ، کاکس بازار اور دوسرے ساحلی علاقے چار سے پانچ فٹ تک پانی میں ڈوب سکتے ہیں۔قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے حکومتی محکمے کے ترجمان ابو الھاشم نے بتایا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ اس طوفان سے کوئی ہلاک نہ ہو اور ہم پوری جدوجہد کر رہے ہیں کہ دس لاکھ سے زائد لوگوں کو طوفان کے ٹکرانے سے پہلے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیں۔طوفان کے خدشے کے باعث ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے منع کر دیا گیا ہے اور ساحلی علاقوں میں چلنے والی کشتیوں نے بھی اپنے کاروبار کر عارضی طور پر روک دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :