شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور اور پروفیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن کے درمیان یادداشت کے معاہدے پر دستخط

پیر 29 مئی 2017 23:36

سکھر۔ 29مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں یونیورسٹی اور پروفیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن کے درمیان یادداشت کے معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ وائیس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور اور سید علی کامران شاہ منیجر اسٹوڈنٹ افیئرز پروفیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن نے معاہدے پر دستخط کیئے۔

اس معاہدے کا مقصد یونیورسٹی کے اہل اور مستحق طلبہ و طالبات کو اسکالرشپ اور بلاسود قرضے کی فراہمی ہے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے پروفیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن اور یونیورسٹی کی اسکالرشپ کمیٹی کے ممبران کی کاوشوں کا سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے ہمارے طلبہ و طالبات کو تعلیمی میدان میں مالی مدد حاصل ہوگی اور وہ اپنے ادارے اور ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

سید علی کامران شاہ نے وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ اور یونیورسٹی کی اسکالرشپ کمیٹی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ یونیورسٹی ہماری 35ویں شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ اس اسکالرشپ کیلئے اپلائی کریں۔ اس موقع پر انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر لطف اللہ منگی پرووائیس چانسلر شکارپور کیمپس کی کوششوں کو بھی سراہا۔