تحریک ونظریئے کی جیت اتحاد سے ممکن ہے، شعور یہ ہے کہ اپنی شناخت نظم وضبط اور فلسفہ کوہر ہم خیال فرد تک منتقل کیا جائے، خالد مقبول صدیقی

متحد رہیں تو دنیا کی کوئی طاقت ایم کیو ایم کوختم نہیں کرسکتی، گزشتہ 38سالوں سے نشیب و فراز دیکھ رہے ہیں،لیبر ڈویژن کی تربیتی نشست سے خطاب

پیر 29 مئی 2017 23:15

تحریک ونظریئے کی جیت اتحاد سے ممکن ہے، شعور یہ ہے کہ اپنی شناخت نظم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے ڈپٹی کنونیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ تحریک ونظریئے کی جیت اتحاد سے ممکن ہے۔ شعور یہ ہے کہ اپنی شناخت نظم وضبط اور فلسفہ کوہر ہم خیال فرد تک منتقل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات ایم کیو ایم پاکستان لیبر ڈویژن کے زیر اہتمام منعقدہ تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تربیتی نشست میں رابطہ کمیٹی کے رکن زاہد منصوری ، اراکین مرکزی لیبر ڈویژن کے علاوہ محنت کشوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ متحد رہیں تو دنیا کی کوئی طاقت ایم کیو ایم کو ختم نہیں کرسکتی۔ گزشتہ 38سالوں سے نشیب و فراز دیکھ رہے ہیںاب کامیابی کا کلیہ یہ ہے کہ اس جزبے کو زندہ کیا جائے جو تحریک کے اوائل کے دور میں تھا۔

(جاری ہے)

ذاتی مفاد بالائے طاق رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ساتھی اپنے ذاتی مفادات انا کو بالائے طاق رکھیں کیونکہ تحریک عوام کی بقا ء کے لئے ہوتی ہے اور اقوم کی تشکیل میں مشترکہ مفادات جز ولا نیفک ہوتے ہیں۔ آج ہم جس مشکل دور سے گزر رہے ہیں اس میں ہمیں تدبر اور فراست کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ برداشت اور تحمل کو اپنا ہتھیار بنانا ہوگا اور اپنے درمیان اتحاد کو مضبوط کرنا ہوگا۔

اس سے قبل لیبر ڈویژن کے مرکزی انچارج ایس ایم تنویر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا لیبر ڈویژن ونگ بدعنوانی اور بد انتظامی کے انسداد کے لئے ہر اول دستہ کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ہم ایک اچھی مثال بن کر اپنی اچھی تربیت ثابت کر سکتے ہیں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اپنے دفاتر میں وقت کی پابندی کا خیال کریں۔ عوام اور ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں رہیں۔ بدعنوانی سے دور رہیں اور انسداد بد انتظامی کے لئے قانونی دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد کریں۔