حکومت اپنا تشخص کھو چکی ہے، میاں نواز شریف میں اگر اخلاقی جرأت ہوتی تو حکومت سے الگ ہو کر اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کردیتے، ان سے کسی اچھائی کی توقع رکھنا بے سود ہے

سابق نائب وزیر اعظم چوہدری پرویز الٰہی کی کارکنوں سے گفتگو

پیر 29 مئی 2017 23:06

حکومت اپنا تشخص کھو چکی ہے، میاں نواز شریف میں اگر اخلاقی جرأت ہوتی ..
اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2017ء) مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما و سابق ڈپٹی وزیر اعظم چوہدری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ موجودہ حکومت اپنا تشخص کھو چکی ہے۔ میاں نواز شریف میں اگر ذرا بھی اخلاقی جرأت ہوتی تو اب تک حکومت سے الگ ہو کر اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کردیتے، لیکن یہ کرپشن اور لوٹ مار کی پیداوار ہیں۔ ان سے کسی اچھائی کی توقع رکھنا بے سود ہے۔

وہ پیر کو اپنی رہائشگاہ پر کارکنوں کے وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر سیکٹر میں کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ پانامہ لیکس میں الزامات لگنے کے باوجوداپنے آپ کو دودھ سے دھلے ہوئے سمجھتے ہیں مگر ایسا نہیں ہے کہ غیر قانونی طور پر اربوں کھربوں کا سرمایہ بیرون ملک منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں نوجوان اپنے ہاتھوں میں ڈگریاں پکڑے دًر دًر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔

ملک میں غیر شیڈولڈ بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ حکومت کو عوام پر ذرا بھی ترس نہیں آتا کہ رمضان کا مہینہ ہے ، گرمی کی انتہا ہے لیکن ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گھروں اور مساجد میں وضو کیلئے پانی تک میسر نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اٴْوپر سے حکومت نے بجٹ کی صورت بے بس عوام پر مہنگائی کا ایک بم داغا ہے جس سے عوام کی رہی سہی طاقت بھی جواب دے گئی ہے۔ میاں نواز شریف کے گرد دائرہ تنگ ہو تا جارہا ہے۔ عوام بہت جلد موجودہ حکومت سے آزاد ہوگی اور ملک سے کرپشن اور لوٹ مار کا سلسلہ بند ہو کر رہے گا۔