نواز شریف کو نااہل کرکے نیا وزیراعظم منتخب کیا جائے گا،فواد چوہدری

16 سال کی عمر میں شناختی کارڈ نہیں بنتا لیکن وزیر اعظم کے بیٹے ارب پتی بن گئے،میڈیا سے گفتگو

پیر 29 مئی 2017 22:46

نواز شریف کو نااہل کرکے نیا وزیراعظم منتخب کیا جائے گا،فواد چوہدری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو نااہل کرکے نیا وزیراعظم منتخب کیا جائے گا، 16 سال کی عمر میں شناختی کارڈ نہیں بنتا لیکن وزیر اعظم کے بیٹے ارب پتی بن گئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 16 سال کی عمر میں شناختی کارڈ نہیں بنتا لیکن وزیر اعظم کے بیٹے ارب پتی بن گئے، اپنے ارب پتی بننے پر وہ پاکستان کی یونیورسٹیوں میں طلبا کو لیکچر دیں اور وہ طریقے بتائیں جن پر عمل کرکے وہ اتنے امیر ہوگئے۔

ہم چاہتے ہیں کہ پاناما پیپرز پر سپریم کورٹ کا جوبھی فیصلہ آئے اس پر عمل درآمد کیا جائے۔ تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن)کی جانب سے جے آ ئی ٹی پراس لیے اعتراض کیا جارہا ہے تاکہ وہ 60 دن میں اپنا کام مکمل نہ کرسکے لیکن امید ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد ہوگا اور قوم دیکھے گی کہ نواز شریف بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔( مہر علی خان)