منڈی بہائوالدین،غریب ریلوے ملازم اپنی دو معذور بچیوں کے علاج کیلئے حکومتی امداد کا منتظر ، بچیوں کو ہڈیوں کی بیماری لاحق

پیر 29 مئی 2017 22:22

منڈی بہائوالدین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2017ء) غریب ریلوے ملازم اپنی دو معذور بچیوں کے علاج کیلئے حکومتی امداد کا منتظر ، بچیوں کو ہڈیوں کی بیماری لاحق ہے جس کی وجہ سے وہ بیٹھنے کی سکت بھی نہیں رکھتیں ڈاکٹرز نے شرائنرز چلڈرن ہسپتال ٹورنٹو کینیڈا میں علاج کیلئے ریفر کیا ہے لیکن غریب آدمی ہوں علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتا حکومت مدد کرے، محمد اشرف۔

تفصیلات کیمطابق محمد اشرف محکمہ ریلوے میں معمولی ملازم ہے اور ریلوے اسٹیشن ملک وال پر تعینات ہے ۔ محمد اشرف نے بتایا کہ اس کی دو بیٹیاں پیدائشی طور پر ہڈیوں کے عارضہ میں مبتلا ہونے کے باعث جسمانی طور پر معذور ہیں بیٹیوں کے علاج کیلئے اپنی جمع پونجی خرچ کر دی ، راولپنڈی، جہلم ، لاہور سمیت کئی بڑے شہروں کے ہسپتالوں میں علاج کروانے گیا لیکن ڈاکٹرز نے جواب دیدیا ۔

(جاری ہے)

اشرف نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے کہا کہ ان بچیوں کا علاج ٹورنٹو کینیڈا کے شرائنرز چلڈرن انٹرنیشنل ہسپتال میں ہو سکتا ہے ۔ محمد اشرف نے کہا کہ اسے وزیر اعلیٰ سے پہلے علاج کیلئے کہا گیا جس کیلئے اس نے پاسپورٹ بھی بنوائے لیکن وہ صرف متعلقہ ادارہ میں چکر ہی لگاتا رہا اس کے پاسپورٹ بھی ایکسپائر ہو گئے ۔ محمد اشرف نے روتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی معذور بیٹیوں کو سنبھال سنبھال کر بھی تھک گیا ہے بہت مجبور ہوں کینیڈا میں لے جا کر بیٹیوں کا علاج کرانے کی سکت نہیں ہے ۔

محمد اشرف نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کی بیٹیوں کا کینیڈا کے ہسپتال سے علاج کروایا جائے تاکہ وہ بھی صحتمند بچیوں کی طرح زندگی گذار سکیں ۔۔۔

متعلقہ عنوان :