وزیر اعلیٰ سندھ کا شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ، رمضان کے دوران اشیاء کی قیمیتں معلوم کیں

پیر 29 مئی 2017 22:17

وزیر اعلیٰ سندھ کا شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ، رمضان کے دوران ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیر کو اچانک شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہر میں رمضان المبارک کے دوران اشیاء صرف باالخصوص پھل وغیرہ کی قیمتیں معلوم کیں ، ٹریفک کے انتظامات اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو،کمشنر کراچی اعجاز احمد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت بھی تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان چوک، صدر، برنس روڈ اور اس کے اطراف کے علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے پاکستان چوک سے جانے والے روڈ پر بہتے گٹر اور صفائی کی ابتر حالت پر اپنی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر کراچی کوہدایت کی کہ 3 دن کے اندر تمام گٹر ٹھیک ہوجانے چاہئیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے سڑکوں کی سائیڈوں میں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی پارکنگ پر بھی اپنی ناراضگی کا اظہار کیا اور ضلعی ٴ انتظامیہ کو غیر قانونی پارکنگ فوری ختم کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک کو بھی ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے مہینہ کے دوران شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں اور شہر میں ٹریفک کے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے صدر کے علاقے کے دورے کے موقع پر زیرِ تعمیر سڑک کے تاخیری کام پر بھی اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر کا علاقہ ایک اہم علاقہ ہے لہٰذا اس کی سڑک کی تعمیر کا کام جلد سے جلد مکمل کیاجائے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے دوکانوں اور ٹھیلوں پر اشیاء کی قیمتوں کی فہرست آویزاں نہ کرنے کا بھی نوٹس لیا اور کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ دوکانوں اور ٹھیلوں پر قیمتوں کی فہرست آویزاں کرانے کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرائیں اور اشیاء کی مقررہ قیمتوں پر فروخت کو بھی یقینی بنایاجائے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے دورے کے دوران ٹھیلے والوں اور دوکانداروں سے بات چیت بھی کی اور اشیاء کی قیمتیں بھی معلوم کیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے دوکانداروں /بیکری اور پھل والوں اور موجود لوگوں سے ان کے مسائل بھی معلوم کئے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقتاً فوقتاً شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کرتے رہیں گے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے مختلف مقامات پر رکھی گئی ڈسٹ بن میں کچرا نہ ڈالنے کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے عوام میں شعور اور آگاہی پیدا کریں کہ وہ اپنا کچرا مقررہ ڈسٹ بن میں ڈالیں تاکہ شہر میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایاجاسکے۔

متعلقہ عنوان :