اسحا ق ڈار نے خورشید شاہ کی پیشکش مسترد کر دی

وزیر خزانہ اپنی بجٹ تقریر میں پڑھا گیا شعر واپس لے لیں تو میں اپنی بجٹ تقریر شروع کر دیتا ہوں ، اپوزیشن لیڈر گردن تو کٹ سکتی ہے مگر شعر واپس نہیں ہوسکتا، وزیر خزانہ کا جواب

پیر 29 مئی 2017 22:08

اسحا ق ڈار نے خورشید شاہ کی پیشکش مسترد کر دی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2017ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی وزیر خزانہ اسحا ق ڈار نے پیشکش مسترد کر دی،اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اگر وزیر خزانہ اپنی بجٹ تقریر میں پڑھا گیا شعر واپس لے لیں تو میں اپنی بجٹ تقریر شروع کر دیتا ہوں جس پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ گردن تو کٹ سکتی ہے مگر شعر واپس نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بھی اپنی تقریر براہ راست دکھانے کا مطالبہ کیا جسے حکومت نے رد کردیا،اس موقع پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ میں تقریر کرنے کیلئے تیار ہوں مگر وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اپنی بجٹ تقریر’’کی محمدؐ سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں،یہ جہاں چیز ہے کیا لوح وقلم تیرے ہیں شعر پر ختم کی تھی ، وزیرخزانہ یہ شعر واپس لے لیں تو میں اپنی بجٹ تقریر شروع کردیتا ہوں۔جس پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ گردن تو کٹ سکتی ہے مگر شعر واپس نہیں ہوسکتا، وزیرخزانہ نے اپوزیشن لیڈر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ حضورؐ کی آل سے ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں تو ہم حضورؐکے غلام ہیں ، حضورؐاپنی اولاد سے زیادہ غلاموں کا خیال رکھتے تھے ۔(رڈ)