جھگیاں میں خوفناک آتشزدگی سے 10 سے زائد جھگیاں، مکانات اور ان میں موجود قیمتی گھریلو سامان جل کر راکھ ہو گیا

پیر 29 مئی 2017 22:06

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء) ایبٹ آباد کی یو سی شیخ البانڈی کے علاقہ جھگیاں میں اچانک خوفناک آتشزدگی سے 10 سے زائد جھگیاں، مکانات اور ان میں موجود قیمتی گھریلو سامان جل کر تباہ ہو گیا۔ آتشزدگی سے تین سالہ بچہ بھی بری طرح جھلس کر جاں بحق ہو گیا، ریسکیو عملہ، مقامی لوگوں اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کر کے آگ پر قابو پایا، آتشزدگی کی وجہ سامنے نہیں آ سکی، متاثرہ افراد کھلے آسمان تلے آ گئے، اتنا بڑا حادثہ رونما ہونے کے باوجود کوئی انتظامی افسر اور منتخب عوامی نمائندہ موقع پر نہیں پہنچ سکا۔

تفصیلات کے مطابق جھگیاں اور نڑیاں کے سنگم پر واقع جدون کالونی کی گلی نمبر تین میں تقریباً گذشتہ روز چھ بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی جو آنا فاناً پھیل گئی، آتشزدگی سے تین بھائیوں گل رسول ولد محمد فاروق، عبدالصبور ولد محمد فارواق، سید رسول ولد محمد فارواق اور نور محمد ولد قائم الدین، عبدالغفار ولد حاجی انار، نصیر ولد عبدالغفار، عبدالغنی ولد ملک نواب، زرماش خان ولد ملنگ خان، بادام ولد چمن گل، عبدالصمد ولد جبار کے تین مکانات اور 7 سے زائد جھگیاں اور ان میں موجودگھریلو سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔

(جاری ہے)

آتشزدگی سے ایک مکان میں سویا تین سالہ بچہ جمیل ولد بادام جھلس کر کوئلہ بن گیا جسے نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد اسے سپرد خاک کر دیا گیا۔ متاثرہ افراد نے ضلعی اور صوبائی حکومت سے خیموں اور اشیاء خوردونوش کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد کی طرف سے متاثرہ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :