ہری پور میں ٹریفک کے تین مختلف حادثات میں خاتون سمیت 4 افراد جاںبحق اور 5 شدید زخمی

پیر 29 مئی 2017 22:06

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء) ہری پور میں ٹریفک کے تین مختلف حادثات میں خاتون سمیت 4 افراد جاںبحق اور 5 شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں میں بچے اور بچیاں میں شامل ہیں، پولیس نے نعشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دیں، زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد منتقل کر دیا گیا ہے، ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال ایمرجنسی میں تعینات عملہ کی غلفت پر لواحقین سراپا احتجاج بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق کھیڑیاں سٹاپ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے کار کو کچل دیا جس کے نتیجہ میں کار میں سوار اوگی کے رہائشی خواج محمد ولد رحمت الله اور ان کی اہلیہ مسماة پھل تاج موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ دوسرے حادثہ میں الحبیب فائونڈیشن سرائے گدائی کے قریب پنیاں کے رہائشی میجر افتخار خان کے بھائی عادل خان ولد سلیمان خان کی کار بے قابو ہو کر درخت سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں عادل خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے۔

(جاری ہے)

اسی طرح تھانہ صدر کی حدود چکہائی کے قریب کار نمبر 1936- جسے ڈرائیور شاہد ولد زر محمد چلا رہا تھا، بے قابو ہو کر گہری کھائی جا گری جس کے نتیجہ میں گاڑی میں سوار چھجکہ کے رہائشی ایک ہی خاندان کی خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گہری کھائی سے نکال کر ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال منتقل کیا تاہم مسماة سلمہ دختر زر محمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستہ میں ہی دم توڑ گئی۔ شاہد ولد زر محمد، شبیر ولد جلیل، زین ولد سلیم، سمیرا، عشہ دختران سلیم کو ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال سے ابتدائی طبی امداد کے بعد ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے جہاں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :